ماڈل خواہ کوئی بھی ہو، سڑکوں پر دوڑتی کاریں عام طور پر ایک سی دکھائی دیتی ہیں۔ چار پہیوں کے اوپر رکھا بڑا سا “دھاتی بکسا”۔۔۔۔۔اس کے سوا اور آپ کیا توقع کر سکتے ہیں۔ لیکن دنیا میں کچھ ایسے کار ماڈلز بھی ہیں جن کا ڈیزائن دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں کہ یہ کار ہے یا کیا ہے۔۔۔
آئیے ذرا نگاہ ڈالتے ہیں کہ دنیا کی دس عجیب ہیئت کاریں کیسی دکھائی دیتی ہیں۔ ہو سکتا ہے ان میں سے کوئی آپ کی خواہش کی عکاسی کرتی ہو۔
نارمین 1940 کی دہائی کا معروف انجینیر تھا جس نے Tucker آٹو موبائلز کے لیے کام کیا۔ اپنے عروج کے دوران اس نے ایک بڑا پروجیکٹ اپنے ہاتھ لیا جسے تکمیل دینے میں تین سال لگے۔ اور نتیجہ اس تصویر کی صورت آپ کے سامنے ہے۔
اس نفیس اور تیز رفتاری سے لپکنے والی کسٹم کار ماڈل کا نام ہے Norman Timbs Special. لمبی ناک کی مانند فرنٹ اور سلم بیک والی اس کار میں دروازوں کا نام نشان نہیں۔ اپنے منفرد ڈیزائن کے باعث یہ کار عجیب ہیئت کاروں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔
اس کار کو ولیم بشنیل نے 1932 میں تیار کیا۔ یہ دنیا کی پہلی “منی وین” بھی کہلاتی ہے۔ کار بنانے والے نے اسے “پہیوں پر بنا دفتر” کا نام دیا تھا۔ اس کار میں اس وقت کے اعتبار سے خلاف روایتی تنگ ناک نما فرنٹ بنایا گیا۔ جبکہ پہیوں کے اوپر ڈیزائن بھی اس طرح بنایا گیا کہ زیادہ سے زیادہ جگہ گھیری جا سکے۔
اس ماڈل کی صرف ایک درجن کاریں ہی تیار کی گئیں تھیں۔ جن میں سے 5 کے قریب اس وقت حرکی حالت میں پائی جاتی ہیں۔
بگاٹی کا نام سنتے ہی ایک تیز رفتار سپر کار ویرون ماڈل ذہن میں ابھرتا ہے۔ لیکن اس کمپنی نے سو کے قریب مختلف کار ماڈلز متعارف کروائے تھے۔ جن میں سے کچھ عجیب و غریب شباہت رکھنے والے بھی تھے۔ ان ہی میں سے ایک ہے بگاٹی کا ٹائپ 57 ماڈل۔۔۔۔۔ 57 کے اندر بھی کئی ماڈل تھے جنہیں 57t, 57c کے نام دیے گئے تھے۔ لیکن ان میں ٹائپ 57s سب سے منفرد اور اپنی مثال آپ تھی۔
تخلیقی ڈیزائن پر مشتمل یہ ایک ایسی کار تھی جسے 1953 میں ریلیز کیا گیا۔ اس کا ڈیزائن ایک ائیر کرافٹ سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا۔ یہ کار پچاس کی دہائی میں اتنی عجیب نہیں دکھائی دیتی تھی۔ بلکہ اس طرح کے ڈیزائن کافی عام ہو چکے تھے۔ لیکن موجودہ وقت کے حساب سے یہ ڈیزائن عجیب و غریب دکھائی دیتا ہے کیوں کہ اب ایسی کاریں متروک ہو چکی ہیں۔
فورڈ کی تیارکردہ اسپیڈ سٹار کا منظر غیر معمولی طور پر منفرد دکھائی دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ کار 2016 میں ہونے والی نیلامی کے نتیجے میں 7 لاکھ 70 ہزار ڈالرز میں نیلام ہوئی۔ اس کی ونڈ اسکرین غیر روایتی طور پر کونے سے مڑ کر دو حصوں میں منقسم ہوتی تھی۔ یہ ڈیزائن اتنا منفرد تھا کہ اس کار کی ریلیز کے وقت کسی کو سمجھ نا آتی تھی کہ ایسا کیوں کیا گیا ہے۔ آج یہ کار دنیا کی عجیب و غریب کاروں میں جگہ پا چکی ہے۔
ایک بات بہرحال ماننی پڑے گی کہ یہ کار بظاہر بڑی کیوٹ دکھائی دیتی ہے۔ تین پہیوں پر مشتمل یہ ایک ایسی مائیکرو کار تھی جسے پیل کمپنی کی جانب سے 1962 سے 1965 کے دوران متعارف کروایا گیا تھا۔ یہ کار گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کی سب سے چھوٹی کار کے طور پر بھی درج ہے۔ لیکن میرا خیال ہے کہ یہ دنیا کی عجیب ہیئت کاروں میں سے بھی ایک ہے۔
انسانی دماغ کا شاہکار ٹیسکو کار آج بھی کچھ لوگوں کی پسندیدہ ہے۔ لیکن اسے پسند کرنے والے وہی لوگ ہیں جو کلاسک کاروں کو جنون کی حد تک چاہتے ہیں۔ جبکہ باقیوں کے لیے یہ ایک عجوبہ روزگار کار ہے۔
گورڈن بیورگ کی جانب سے ڈیزائن کی گئی ٹیسکو دراصل جنگ عظیم دوئم کے بعد ایک ماریکی اسپورٹس کار کے لیے پروٹوٹائپ کے طور پر تیار کی گئی تھی۔ اس میں ہوائی جہاز کی مانند کنٹرول ڈیزائن کیے گئے تھے۔ یہ دنیا کی پہلی کار تھی جس کی چھت T-Shape بنائی گئی تھی۔
فائربرڈ کاریں دراصل پروٹوٹائپ کاریں تھیں جنہیں جنرل موٹرز نے 1953، 1956 اور 1959 کے موٹر شوز میں پیش کیا تھا۔ یہ تمام کاریں ایک جیٹ پلین کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کی گئی تھیں۔ اور ہر بعد میں آنے والی کار پہلے والی سے بھی منفرد تھی۔
قارئین میں سے کچھ خیال کریں گے کہ یہ شاید خوبصورت ترین کاروں میں سے ایک ہے جب کہ ہمارے خیال میں یہ عجیب و غریب کاروں میں سے ایک ہے۔ بظاہر دیکھنے سے ہی یہ ایک اسپیس شپ دکھائی دیتی ہے۔ اور یقیناً اس ڈیزائن کے پیچھے بھی کوئی وجہ تھی۔ اور وہ وجہ یہ تھی کہ اس کے ڈیزائنرز بہترین ائیروڈائنامکس پر مشتمل ڈھانچہ تیار کرنا چاہتے تھے۔ وہ اس میں تو کامیاب نا ہو سکے البتہ یہ کار بنا ڈالی جو آج عجیب غریب کی فہرست میں آ ٹھہری۔
جی جناب۔۔۔۔ یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ واقعی ایک فراری کار ہے جسے پاؤلو مارٹن نے ڈیزائن کیا تھا۔ اسے 1970 کے جنیوا موٹر شو میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ ہمیں یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ بظاہر یہ کار سائنس فکشن فلموں میں پیش کیے جانے والے اسپییس شپس جیسی دکھائی دیتی ہے۔ بہرحال آپ جس زاویے سے بھی نگاہ ڈالیں۔۔۔ یہ کار آج دنیا کی سب سے عجیب و غریب اور منفرد کار ہے۔