ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان بپر جوائے کے باعث آج سے 17 جون تک سندھ کے ساحلی شہروں ٹھٹہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بارش کا امکان۔ کراچی اور حیدرآباد میں 14 سے 16جون کے درمیان آندھی اور موسلا دھار بارش متوقع۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ساحلی علاقوں میں آج سے 17 جون تک بارشوں کو سلسلہ جاری ہونے کا امکان ہے۔ کراچی اور حیدرآباد میں 14 سے 16جون کے درمیان آندھی اور موسلا دھار بارش متوقع ہے جبکہ ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو الہیار، میرپورخاص میں بھی 14 سے 16 جون تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے دوران لہریں 8 سے 12 فٹ تک بلند ہوسکتی ہیں۔ کراچی میں 100 ملی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
احتیاطی تداپیر کے پیش نظر کراچی میں سی ویو روڈ خیابان اتحاد تک بند کردی گئی، ساحل پر جانے پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ماہی گیروں کو بھی سمندر میں جانے سے روک دیا گیا۔
کراچی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے 578 عمارتیں مخدوش اور خطرناک قرار دے دی ، عمارتوں کو خالی کرانے کے لئے نوٹس بھیج دیئے گئے۔
این ڈی ایم اے سمندری طوفان کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے فعال تیاری اور تدارک کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سمندری طوفان سے متعلق باخبر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔