کھانسی ایک بہت ہی عام مرض ہے اور ہم سب زندگی میں کبھی نا کبھی اس مرض کا شکار ضرور ہوتے ہیں۔ کھانسی کی بنیادی وجوہات میں بیکٹیریا، وائرس، گردو غبار، پولن اور ایسے ذرات شامل ہیں جو ہمارے گلے اور پھپھڑوں کے درمیان موجود اعصاب میں جلن اور خراش پیدا کرتے ہیں۔ کھانسی کی مدد سے ہمارا جسم دراصل ان اعصاب کو صاف کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
گو کہ اس کے اثرات اتنے زیادہ نہیں ہوتے لیکن اس کے باوجود مسلسل کھانسی ہماری صحت کے لیے بہت سے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ بازار میں کھانسی کو دور کرنے کے لیے کئی شربت دستیاب ہیں۔ لیکن ان کے ضمنی اثرات Side Effects ہو سکتے ہیں۔ لہذا بہتر یہی ہے کہ کھانسی کا علاج دیسی اور گھریلو طور پر کیا جائے۔ اس مضمون میں ہم آپ کو دس ایسے بہترین اور آسان گھریلو ٹوٹکے بتائیں گے جن کی مدد کھانسی کا گھر پر ہی علاج کیا جا سکتا ہے اور وہ بھی کسی قسم کے مضر ضمنی اثرات کے بغیر۔۔۔
درج ذیل دس گھریلو ٹوٹکے ہیں جن کی مدد سے آپ کھانسی سے فوری طور پر نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
زیادہ تر لوگ ادرک کو کھانسی کے علاج کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ یہ کھانسی کے لیے اتنی مؤثر ہے کہ اسے اکثر نباتاتی مرکبات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ ادرک کو کھانسی کے علاج کے لیے دو طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔
تازہ ادرک لے کر اسے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ پھر اسے پیس لیں۔ اس کے بعد ایک کپ پانی میں ادرک کا پیسٹ ڈال کر اسے فرائی پین میں چند منٹ کے لیے ابالیں۔ پھر اسے چھان کر باقی ماندہ محلول کو دن میں تین سے چار بار استعمال کریں۔ اس عمل سے آپ کے گلے خراش اور کھانسی سے فوری آرام ملے گا۔ آپ ذائقے کے لیے محلول میں چند قطرے شہد کے بھی ڈال سکتے ہیں۔
متبادل کے طور پر آپ تازہ ادرک کے چھلے ہوئے باریک ٹکڑوں کو دن میں تین سے چار بار چبائیں۔ اس عمل سے بھی آپ کو یقینی طور پر آرام ملے گا۔
ہلدی بھی کھانسی کے لیے ایک دافع مرض دوا ہے۔ خصوصاً خشک کھانسی کی صورت میں اس کا استعمال زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس کا طریقہ استعمال درج ذیل ہے۔
ایک پانی لے کر اسے ابالیں۔ اس کے بعد اس میں ایک چمچ ہلدی اور تھوڑی سی کالی مرچ ڈال کر دو سے تین منٹ تک مزید ابالیں۔ اب اس آمیزے کو اس کپ میں ڈال کر اس میں ایک چمچ شہد ملائیں اور پی لیں۔ یہ مرکب دن میں ایک بار استعمال کریں یہاں تک کہ آپ کھانسی میں کمی اور آرام محسوس کریں۔
لہسن میں ضد بیکٹیریا اور ضد جراثیم Anti Bacterial اجزاء قدرتی طور پر موجود ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں کھانسی کا علاج کی صلاحیت بھی موجود ہے۔
ایک کپ پانی میں دو سے تین لہسن کی پوتھیاں ڈال کر اسے ابالیں۔ اس کے بعد پانی کو کمرے کے درجہ حرارت کے مطابق ٹھنڈا ہونے دیں۔ اب اس محلول کو چھان کر اس میں چند قطرے شہد کے ملا کر پی لیں۔ اس کی مدد سے سانس کی آمدورفت میں آسانی ہو گی اور کھانسی کی شکایت بھی دور ہو جائے گی۔
لیموں کو کھانسی کے علاج کے لیے کئی طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ لیموں نا صرف گلے کی سوزش میں کمی لاتا ہے بلکہ اس میں موجود وٹامن سی انفیکشن کو ٹھیک کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
لیموں کی مدد سے آپ گھر میں ہی کھانسی کا شربت تیار کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ ایک چمچ شہد اور دو چمچ لیموں کے رس کو آپس میں اچھی طرح مکس کر لیں۔ لیجیے جناب آپ کا کھانسی کا سیرپ گھر میں ہی تیار ہو گیا۔ اسے دن میں دو سے تین بار استعمال کیجیے اور کھانسی سے فوری آرام پائیے۔
دودھ آپ کی صحت کے لیے بہترین ہے۔ یہ ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے بھی بہترین ہے۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ یہ کھانسی کے علاج کے لیے بھی بہترین ہے۔
دودھ میں شہد ملا کر گرم کریں۔ اور پھر اسے پی لیں۔ اس عمل سے نا صرف کھانسی دور ہو گی۔ بلکہ مسلسل کھانسی سے سینے میں اٹھنے والے درد سے بھی افاقہ ہو گا۔ اس محلول کو رات کو سونے سے پہلے استعمال کریں۔ متبادل کے طور پر آپ دودھ میں تھوڑی سی ہلدی بھی ڈال کر استعمال کر سکتے ہیں۔ کیونکہ دونوں صورتوں میں یکساں فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
پیاز بھی کھانسی کے علاج کے لیے بہترین ہے۔ خصوصاً جب کھانسی نے آپ کو مسلسل پریشان کیے رکھا ہو۔ اس کے لیے آپ آدھا چمچ پیاز کے رس میں ایک چمچ شہد ملائیں اور پھر اس محلول کا گھونٹ بھر لیں۔ روزانہ دو بار استعمال کرنے سے افاقہ ہو گا۔
گاجر میں حیاتین یعنی وٹامن اور ایسے اجزاء وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں جن سے کھانسی جیسی مرض کی وجوہات کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس مقصد کے لیے چار سے پانچ گاجروں کا جوس نکال کر اس میں تھوڑا سا پانی اور ایک چمچ شہد ملا کر روزانہ دو سے تین بار پی لیں۔ آپ جلد ہی کھانسی سے آرام محسوس کریں گے۔
لال مرچ گرم اور ہیجان انگیز ہوتی ہے۔ اگر آپ مسلسل کھانسی کی وجہ سے سینے کے درد کا شکار ہیں تو لال مرچ اس کے علاج کے لیے بہترین ہے۔ لال مرچ پر مشتمل کھانسی کا شربت آپ گھر پر ہی تیار کر سکتے ہیں۔ اس کا طریقہ کار درج ذیل ہے۔
ایک چوتھائی چمچ پسی ہوئی ادرک، ایک چوتھائی چمچ پسی ہوئی سرخ مرچ، ایک چمچ سیب کا سرکہ، ایک چمچ شہد اور دو چمچ پانی لیں۔ ان تمام اجزاء کو آپس میں اچھی طرح مکس کر لیں۔ آپ کا کھانسی کا سیرپ تیار ہے۔ روزانہ دو سے تین بار استعمال کیجیے۔
جنگلی پودینہ یا صعتر ایک خاص قسم کی جڑیں بوٹی ہے جسے کھانسی سمیت سانس کی مختلف بیماریوں اور نمونیا وغیرہ کے لیے گھریلو طور پر بطور دوائی استعمال کیا جاتا ہے۔ جنگلی پودینے کی چائے کھانسی کا بہترین علاج ہے۔
یہ چائے تیار کرنے کے لیے دو چمچ پسے پودینے کو ایک کپ ابلے پانی میں ڈالیں۔ اب اس چائے کو دس منٹ کے لیے ڈھک دیں۔ اس کے بعد استعمال کریں۔
غذائی اجزاء سے بھرپور بادام کو بھی کھانسی کے مؤثر علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ 5 سے 6 گری بادام کے کر اسے دس گھنٹوں کے لیے پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ اس کے بعد انہیں چھیل کر اچھی طرح رگڑ کر پیسٹ بنا لیں۔ اب اس میں ایک چمچ مکھن ڈال کر مکس کرنے کے بعد روزانہ دو سے تین بار کھائیں۔ یہاں تک کہ کھانسی سے شفاء مل جائے۔
درجہ بالا تمام ٹوٹکے کھانسی کے علاج کے لیے انتہائی موثر ہیں۔البتہ اس کے اثرات مختلف لوگوں کے مزاج کے مطابق مختلف ہو سکتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ کسی مخصوص مریض کے لیے ایک ٹوٹکہ اثر کرے لیکن دوسرا نا کرے۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ اگر ایک ٹوٹکہ کھانسی کے علاج میں فائدہ مند ثابت نہیں ہو رہا تو دوسرا آزما کر دیکھیں۔ آپ یقیناً بغیر کسی دوائی کے استعمال کیے گھر بیٹھے ہی کھانسی سے نجات حاصل کر سکیں گے۔