سارا گھر خوبصورتی کا مرقع ہو اور فرش اچھا نا ہو یا سادہ ہو تو گھر کی خوبصورتی مانند پڑ جاتی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ کسی بھی گھر کا نیا فرش تیار کرنے کے لیے بے شمار طریقہ کار اپنائے جاتے ہیں۔ جن میں سادہ سیمنٹ سے لے کر لکڑی کے فرش اور ٹائل تک، حتی کہ ربڑ کی مدد سے بھی خوبصورت فرش تیار کیے جاتے ہیں۔ یہ فہرست کافی لمبی ہے۔ لیکن ان سب کا بہترین متبادل ہے سہ جہتی یعنی تھری ڈی ای پوکسی کی مدد سے تیار کیے گئے فرش۔۔۔ ای پوکسی کی مدد سے فرش پر رنگا رنگ قسم کے ڈیزائن سہ جہتی نقشہ کشی کے ذریعے یوں تیار کیے جاتے ہیں کہ ان پر اصل ہونے کا گماں ہوتا ہے۔
یہ فرش کئی شفاف پرتوں اور زاویہ جاتی تصاویر کی مدد سے تیار کیے جاتے ہیں تا کہ سہ جہتی منظر بخوبی نظر آئے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ ای پوکسی کی مدد سے تیار کیے گئے دس خوبصورت اور اعلیٰ ترین فرش کیسے دکھائی دیتے ہیں۔
جیسا کہ تصویر میں نظر آ رہا ہے اس فرش پر چلتے ہوئے آپ کو یوں محسوس ہو گا کہ پاؤں کے نیچے سمندری پودے، کورل، مچھلی حتی کہ پانی تک حقیقت پر مبنی ہے۔
اگر سمندری ساحل آپ کے گھر سے دور ہے اور آپ چاہ کر بھی وہاں نہیں جا سکتے تو کوئی بات نہیں۔ آپ گھر پر ہی ساحل سمندر جیسا ماحول پیدا کر سکتے ہیں۔ اپنے گھر کے کسی بھی کمرے کا فرش اس طرح تیار کروائیں اور پانی و ریت کے امتزاج سے ساحل جیسی خوبیوں کو محسوس کریں۔
اگر آپ برے خوابوں سے پریشان رہتے ہیں تو شاید یہ فرش کا ڈیزائن آپ کے لیے نہیں۔ کیونکہ تھری ڈی ایپوکسی کمسے تیار کیے گئے اس فرش پر یوں گماں ہوتا جیسے آپ کے پاؤں کے نیچے حقیقت میں کوئی شہر بستا ہے۔ اور آپ اس کی بلند و بالا عمارتوں کے عین اوپر کھڑے ہیں۔
یہ روشن ترین تھری ڈی فرش میں سے ایک ہے۔ اگر آپ انسان دوست ڈولفن سے متاثر ہیں اور ان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو پریشان نا ہوں۔ کیونکہ اس سہ جہتی فرش کے ذریعے اب ایسا ممکن ہے۔
زاویاتی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا یہ فرش آپ کو حقیقتاً ایک آبی دنیا کی سیر کروائے گا۔ جس میں ہر جانب مچھلیاں ہی مچھلیاں تیرتی نظر آتی ہیں۔
اگر آپ آبی وضع یعنی تھیمز کو پسند نہیں کرتے تو پریشان نا ہوں۔ آپ کے لیے ہے رنگا رنگ پھولوں سے سجا تھری ڈی ایپوکسی فرش۔۔۔ اگر آپ پھولوں میں گلاب کا انتخاب کر لیں۔ تو یوں سمجھیے کہ آپ چوبیس گھنٹے، اور سارا سال ویلنٹائن کے ماحول سے لطف اندوز ہوں گے۔
ایڈونچر پسند کرنے والوں کے لیے یہ فرش بھی نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں۔ کیونکہ انہیں دونوں جانب سے گہری کھائی اور دریامن سے اینٹوں سے بنے تنگ پل کا منظر پیش کرتے اس فرش پر چلنے سے یوں محسوس ہو گا گویا آپ گہری کھائی کو پار کر رہے ہیں۔
ذرا ایک نظر نیچے دی گئی تصویر پر ڈالیے۔ یوں محسوس ہو گا جیسے فرش پر ہر سمت سکے ہی سکے بکھرے ہوئے ہیں۔ لیکن خبردار ایسے فرش پر چلتے ہوئے سکہ اٹھانے کی کوشش مت کیجیے گا۔ کہیں ایسا نا ہو کہ آپ کو شرمندہ ہونا پڑے۔ آپ کے گھر میں لگے اس فرش سے مہمانوں کو بھی خبردار کیجیے۔ ورنہ
کچھ دیر کے لیے سستانے چاہتے ہیں؟ لیکن آپ کے پاس خاص جگہ نہیں تو اس فرش کو ایک ٹرائی دیجیے۔ آپ کو اپنا ماحول کی بدلا ہوا اور حقیقت پر مبنی نظر آئے گا۔
تھری ایپوکسی صرف خوبصورت مناظر پر مشتمل فرش کا نام ہی نہیں ہے بلکہ اس مدد سے ڈرامائی اور منفرد مناظر بھی تشکیل و ترتیب دیے جا سکتے ہیں۔ جیسا کہ زیر نظر تصویر میں کنکریوں سے بھرا فرش۔۔۔
آپ یقیناً تھری ڈی ایپوکسی سے تیار کردہ فرشوں کے ڈیزائن سے متاثر ہوئے ہوں گے اور حیران ہون گے کہ آخر یاسے خوبصورت فرش کو تیار کرنے کے پیچھے کیا راز ہے۔ تو جناب تھری دی ایپوکسی فرش تیار کرنے کے لیے ایک پرائمر، خودبخود لیول ہونے والی ہموار پلستر کی تہہ، شفاف پولیمر اور حفاظتی روغن کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اور جی جناب۔۔۔ آپ کا پسندیدہ ڈیزائن یعنی تصویر وغیرہ بھی شامل ہے۔
فرش تیار کرنے میں ہموار پلستر دراصل پولیمر کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے اسی لیے اس میں زیادہ پانی ملانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ شفاف پولیمر کی دو تہیں (ایک موٹی اور ایک سخت تہہ) بچھا کر حفاظتی روغن لگایا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے یہ فرش فرنیچر وغیرہ کی رگڑوں سے بھی محفوظ رہتا ہے۔
صرف فرش ہی نہیں بلکہ اس طرح کا کام دیواروں، اور فرنیچر یعنی میز وغیرہ پر بھی کروایا جا سکتا ہے۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ آپ ہر طرح کے تصوراتی منظر کو حقیقت میں لا سکتے ہیں۔ گویا زمین، سورج چاند ستارے اب آپ کے قدموں میں۔۔۔ یا پھر آپ کے سنگ بہ سنگ، ہر طرف نظر آئیں گے۔