روغنِ بادام قدرت کا ایک ایسا انمول تحفہ ہے جس کے بے شمار طبی فوائد ہیں۔ اس میں وٹامن ای، پروٹین، فیٹی ایسڈ، زنک، کئی وٹامنز اور انسانی جسم کو درکار ضروری نمکیات شامل ہوتے ہیں۔
عام طور پر روغنِ بادام دو اقسام کا ہوتا ہے، کڑوا اور شیریں۔۔۔ کڑوا روغن کئی طبی خصوصیات کا حامل ہوتا ہے لیکن اس کا براہ راست استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ جبکہ شیریں روغن بادام کو کئی طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس مضمون میں ہم آپ کو شیریں روغن بادام کے دس بہترین استعمالات کے بارے میں بتائیں گے۔
10۔ جلدی مسائل کا حل
روغن بادام میں کئی اقسام کے فیٹی ایسڈز مثلاً لائنولک ایسڈ، اولیک ایسڈ، اور پالمٹک ایسڈ وغیرہ شامل ہوتے ہیں جو کہ صحت مند جسمانی جلد کے لیے انتہائی ضروری ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن اے، بی، ڈی، ای اور ایف بھی شامل ہوتے ہیں جو کہ جلدی سوزش کو کم کرنے اور جلد کے نئے خلیات پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
تیل میں موجود فیٹی ایسڈز جلد میں موجود شمحی رطوبت کو بڑھنے سے روکتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں کیل، چھائی، اور داغ وغیرہ پیدا نہیں ہوتے۔ اس کے علاوہ روغن بادام جلدی خارش اور ایگزیما وغیرہ کے علاج میں بھی بہت موثر ثابت ہوتا ہے۔ طریقہ استعمال انتہائی سادہ ہے۔ بس روزانہ رات کو سوتے وقت ماسک کے طور پر تیل کی ہلکی سی مالش کریں اور جلدی مسائل سے چھٹکارا پائیں۔
9۔ جلد کو تَر رکھنے میں معاون
چونکہ اس میں وٹامنز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اس لیے روغن بادام ایک بہترین موئسچرائزر کا کام بھی کرتا ہے۔ اگر آپ کی جلد خشک اور پرت دار ہے تو اس تیل کا استعمال کر کے آپ اپنی جلد کو نرم اور ملائم بنا سکتے ہیں۔
روغن بادام میں موجود اولیک ایسڈ جلد میں موجود مساموں کی صفائی کرتا ہے، جلد کو تر کرتا ہے اور شریانوں کی لچک میں اضافہ کرتا ہے۔ جبکہ اس میں موجود وٹامنز اور زنک خشک ہونٹوں، پھٹی ہوئی ایڑیوں اور خشکی کے شکار ہاتھ پاؤں کو واپس اپنی اصل حالت میں بحال کرتے ہیں۔ نیز کیل چھائیوں کو بھی صاف کرتے ہیں۔ بس روزانہ صرف ایک قطرہ اپنے چہرے پر لگائیں اور خشکی سے پاک جلد پائیں۔
8۔ کھچاوٹ کے نشانات سے جان چھڑائیں
روغن بادام جلدی تناؤ جیسے مسائل کو حل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ اس میں دورانِ خون کو بہتر کرنے کی صلاحیت موجود ہے اس لیے اگر اس کا باقاعدگی سے استعمال کیا جائے تو کھچاؤ کے اثرات سے باآسانی جان چھڑائی جا سکتی ہے۔
اس کا مناسب طریقہ کار یہ ہے کہ گری اور بادام کے تیل کو یکساں مقدار میں ایک برتن میں ڈال کر مکس کر لیں۔ اس کے بعد اسے نشانات والی جگہ پر دائروی حرکت میں انگلیوں کو گھماتے ہوئے مالش کریں۔ روزانہ دو بار ایسا کرنے سے جلد ہی نشانات غائب ہو جائیں گے۔
7۔ آنکھوں کا بہترین محافظ
آنکھوں کے گرد موجود جلد بہت پتلی ہوتی ہے۔ یہی وجہ کہ اس میں جھریاں، سوجن اور سیاہ حلقوں جیسے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ ان مسائل کی صورت میں بھی روغن بادام ایک بہترین علاج ہے۔ بس آپ کو کرنا یہ ہے کہ تیل کے ایک یا دو قطرے اپنی انگلی کو نوک پر ڈال کر آنکھوں کے گرد موجود جگہ پر لگا کر آہستگی سے گولائی میں مالش کریں۔ اس دوران خیال رہے کہ مالش انتہائی آہستگی سے اور آنکھ کے پپوٹوں سے دور رکھ کر کریں۔ ورنہ آنکھوں کو نقصان پہنچنے کا احتمال رہتا ہے۔
6۔ میک اپ ختم کرنے کا محفوظ طریقہ
گو کہ میک اپ کو صاف کرنے کے لیے بازار میں کئی اقسام کے برانڈڈ میک اپ ریموور دستیاب ہیں۔ لیکن وہ سب کافی مہنگے ہوتے ہیں۔ آپ ان کی جگہ کم قیمت روغن بادام کا استعمال بھی کر سکتے ہیں جو ناصرف اپنا کام بہترین طریقے سے کرتا ہے بلکہ اس کے کئی ضمنی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔
یہ انتہائی آسانی سے میک اپ کو صاف کرتا ہے۔ حتی کہ گہرے آئی لائنر اور دیرپا لپ اسٹک کو بھی منٹوں میں ختم کرتا ہے۔ تھوڑا سا روغن روئی پر لگائیں اور میک اپ صاف کرنے کی جگہ پر آہستگی سے رگڑیں۔ خیال رہے آنکھوں پر استعمال کرتے وقت انتہائی احتیاط سے کام لیں۔
5۔ خشکی کو دور بھگائیں
روغن بادام جلد کے مردہ خلیات کے خاتمے میں بھی انتہائی معاون ثابت ہوتا ہے۔ اسی لیے آپ اسے خشکی کو بھگانے کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آپ اس میں چائے کے پودے کا تیل بھی شامل کر سکتے ہیں۔ جس کے بعد اسے سر میں لگائیں اور بالوں رات بھر کے لیے کھلا چھوڑ دیں۔ علی الصبح سر کو روایتی طریقہ سے دھو لیں۔ متبادل کے طور پر آپ روغن بادام میں الما پاؤڈر بھی شامل کر سکتے ہیں۔ جس کے بعد آپ اسے اپنے سر میں مالش کریں اور صرف ایک گھنٹہ بعد کسی بھی عام شیمپو سے بالوں کو دھو لیں۔ آپ دیکھیں گے کہ نا صرف خشکی دور ہو چکی ہے بلکہ آپ کے بال بھی انتہائی ملائم اور چمکدار ہو چکے ہیں۔ گویا ایک ٹکٹ میں دو مزے اور وہ بھی انتہائی کم قیمت میں حاصل کریں۔
4۔ کانوں کے انفیکشن کا علاج
روغن بادام کان میں ہونے والی خارش اور انفیکشن کو بھی دور کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ آپ اس کی مدد سے کان میں جمی میل کو نرم کرنے اور پھر اسے صاف کرنے کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے کوئی ضمنی اثرات بھی نہیں ہیں۔ اس لیے آپ اسے کسی پریشانی کے بغیر استعمال کر سکتے ہیں۔
اس کا طریقہ استعمال یہ ہے کہ ایک چمچ گرم پانی میں تین قطرے روغن بادام کے ملائیں۔ پھر کسی ڈراپر کی مدد سے محلول کو متاثرہ کان میں قطرہ قطرہ کر کے ڈال لیں۔ اس کے بعد کچھ عرصہ کے لیے ساکت رہیں تا کہ محلول کام میں اچھی طرح پھیل جائے اور اثر انداز ہونے لگے۔
3۔ پٹھوں کی درد بھگائیں
آپ روغن بادام کو پٹھوں میں موجود درد کو بھگانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ تیل میں موجود پروٹین کی وافر مقدار تھکے ہوئے اعضاء کو راحت پہنچانے کا باعث بنتی ہے۔ کرنا آپ کو یہ ہے کہ تھوڑے سے روغن بادام کو ہلکا سا گرم کریں اور پھر متاثرہ پٹھے پر مالش کریں۔ آپ پہلی ہی مالش سے درد میں کمی اور راحت و فرحت محسوس کریں گے۔
2۔ کولیسٹرول کو کنٹرول کریں
روغن بادام میں قدرتی طور پر کولیسٹرول کی سطح کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس لیے یہ آپ کے دل کی صحت کے لیے بھی بہت مددگار ہے۔ اگر آپ باقاعدگی سے روغن بادام کا استعمال جاری رکھیں تو اس سے مضر صحت LDL کولیسٹرول کو گھٹانے اور مفید HDL کولیسٹرول کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اس کی مدد سے دوران خون میں آکسیجن اور دیگر غذائی اجزاء کی مؤثر ترسیل ممکن ہوتی ہے جو کہ صحت مند زندگی میں معاون ہے۔ اس لیے اگر آپ ہائی کولیسٹرول کا شکار ہیں تو روزانہ ایک چمچ روغن بادام پیئں۔ خصوصاً صبح کے وقت استعمال کریں۔
1۔ ناخنوں کو صحت مند بنائیں
اگر آپ خدانخواستہ زنک کی کمی کا شکار ہیں تو اس سے ناخن انتہائی پتلے ہو جاتے او مڑ جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ٹوٹنے بھی لگتے ہیں۔ اس صورتحال میں روغن بادام کا استعمال کریں۔ کیونکہ اس میں وٹامن بی کمپلیکس اور زنک کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے۔ جو کہ آپ کے ناخنوں کو صحت مند اور مضبوط بناتے ہیں۔ تھوڑا سا روغن بادام گرم کریں اور اسے ناخنوں پر مالش کر کے رات بھر کے لیے چھوڑ دیں آپ جلد ہی خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے۔
تو دیکھا آپ نے، روغن بادام ایک ایسا جادوئی تیل ہے جس کے بلاشبہ کئی فوائد و استعمالات ہیں۔ بازار میں کئی اقسام کے روغن بادام دستیاب ہیں۔ لیکن آپ نے اچھی قسم کے شیریں اور 100 فی صد خالص روغن بادام کا انتخاب کرنا ہے۔ ایک بار حاصل کر لینے اور استعمال کے بعد آپ اس لاجواب اور جادوئی خصوصیات کے حامل تیل کے گرویدہ ہو جائیں گے۔ اور آپ کے لیے صحت مندانہ اور خوشگوار زندگی کے نئے در کھل جائیں گے۔