غریب ممالک میں بھوک سے بلکتے بچوں کی فکر کسے ہو، جب امیر ممالک کے ارب پتی ہاف ملین ڈالرز صرف چاکلیٹ کا ایک ڈبہ خریدنے میں ہی صرف کر دیتے ہوں؟ یا پھر تیرہ لاکھ ڈالر کا موبائل خرید لیتے ہوں۔۔۔ جہاں ایک طور دنیا کی آدھی سے زائد آبادی خوراک کی کمی کا شکار ہے۔ وہیں دوسری جانب کچھ لوگ کروڑوں روپے بے کار اشیاء کو خریدنے میں صرف کر دیتے ہیں۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ دنیا کی دس مہنگی ترین لیکن بے کار اشیاء کون سی ہیں۔۔۔
مخصوص طور پر تیار کردہ چاکلیٹ کا یہ ڈبہ جس میں سائمنز جیولرز کمپنی کے بنائے گئے زیورات بھی جڑے ہوئے ہیں، قیمتی ترین تحائف میں سے ایک ہے۔ کیونکہ اس ایک ڈبے کی قیمت نصب ملین یعنی پانچ لاکھ ڈالرز ہے۔
پیٹر الائژن کا تیار کردہ اسمارٹ فون ڈائمنڈ کرپٹو ایک ایسا فون ہے جسے پلاٹینم اور پنک گولڈ سے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں 80 سے زائد نگینے جڑے گئے ہیں۔ جبکہ ایک جانب 50 نگینے لگائے گئے ہیں۔ صرف نیویگیشن بٹن کے گرد ہی 28 جڑے ہوئے ہیں۔ اس فون کی قیمت 1.3 یعنی 13 لاکھ ڈالرز ہے۔
مشہور جاپانی فلم ہیلو کیٹی کے مداح دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں۔ اس فلم کے بنیادی کردار یعنی ہیلوکیٹی آپ کی ملکیت بھی بن سکتی ہے۔ 3.8 سینٹی میٹر چوڑائی، 5.6 سینٹی میٹر اونچائی اور 560 گرام وزن کی حامل اس ننھی کیٹی کو نیلم، یاقت، پکھراج اور دیگر کئی قیمتی پتھروں اور ہیروں سے سجایا اور خوبصورت بنایا گیا ہے۔ لیکن اس خوبصورت کی قیمت آپ کو 1 لاکھ 60 ہزار ڈالرز کی صورت میں بھرنا ہو گی۔ ہیلو کیٹی کی ایک ہی کاپی بنائی گئی تھی جو کہ 2006 میں ٹوکیو کے ایک اسٹور سے فروخت ہو گئی تھی۔
تاریخ کا مہنگا ترین فروخت ہونے والا پزا نیویارک کے نینو بیلیسما کا تیار کردہ پزا تھا۔ پزے میں استعمال کیے گئے اجزاء میں کریم فش، پیاز، چار اقسام کے پیٹروشین مچھلی کے اچار، اٹلانٹک لابسٹر کی سیخ، اور مختلف اقسام کے مصالحہ جات شامل تھے۔ اجزاء کے نام سنتے ہی یقیناً آپ کے منہ میں پانی آ گیا ہو گا۔ لیکن ٹھہریے جانب ذرا قیمت بھی پڑھتے جائیے۔ آٹھ افراد کے لیے تیار کیے گئے اس پزا کی ایک قاش 125 ڈالرز میں پڑی تھی۔
اچھا اور خوبصورت دستی بیگ رکھنا خواتین کی کمزوری ہے۔ لیکن کچھ بیگز ایسے ہوتے ہیں جن کی قیمت پڑھ کر ہی آنکھوں میں آنسو آ جائیں۔ ایسا ہی ایک بیگ گنزا ٹناکا کا تیار کردہ تھا جسے ٹوکیو فیشن شو میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ یہ دستی بیگ خالص پلاٹینم سے تیار کیا گیا تھا۔ اس میں 208 قیراط کے 2182 شاندار بریلینٹس لگائے گئے تھے۔ لیکن اس بیگ کی قیمت بھی شاندار تھی۔ یہ بیگ 16 لاکھ 30 ہزار ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔
کہا آپ یہ سوچ سکتے ہیں کہ صرف الکوحل کے لیے 2 لاکھ 25 ہزار ڈالرز خرچ کر دیے جائیں؟ جی ہاں ایسا ہو چکا ہے۔ 20 جولائی 2006 کو ٹیکولا لی نے پلاٹینم اور وائٹ گولڈ سے بنی ایک ٹیکولا بوتل 225000 ڈالرز میں میکسیکو کے پرائیویٹ کلیکٹر کو فروخت کی۔ یہ شراب سو فی صد خالص نیلے امریکی ایلوا سے تیار کی گئی تھی اور اسے 6 سال تک بند رکھا گیا تھا۔ اس بوتل کی فروخت کے بعد کمپنی کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں مہنگی ترین شدہ شراب کی بوتل فروخت کرنے والی کمپنی کے طور پر درج کیا گیا۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2007 کے بہترین کھلاڑی کو ہیروں سے بھری ایک گیند دی گئی تھی۔ اس بال پر 5728 ہیرے جڑے گئے تھے۔ اور اس کی قیمت تھی 68500 امریکی ڈالرز۔۔۔
جی ہاں۔۔۔ نیا گھر خریدنے یا نئی کاریں لینے کی بجائے یہ ٹی وی خریدیے جو آپ کو پڑے گا 1 لاکھ 30 ہزار ڈالرز میں۔ اس ایل سی ڈی ٹی وی کو تیار کرنے کے لیے سونے اور ہیروں کا بے دریغ استعمال کیا گیا ہے۔
بات ٹی وی اور دستی بیگ سے ایک چمچ چائے جتنے ٹی بیگ پر آ پہنچی ہے۔ برطانیہ کی چائے بنانے والی کمپنی PG Tips کی جانب سے بنایا گیا یہ ٹی بیگ کمپنی کی 75 ویں سالگرہ پر پیش کیا گیا تھا۔ ہاتھ سے تیار کردہ اس ٹی بیگ پر 280 ہیرے جڑے گئے تھے۔ اور اس چھوٹے سے ٹی بیگ کی قیمت تھی 14000 ڈالرز۔۔۔
زیورات تیار کرنے والی جاپانی کمپنی گنزا ٹناکا اور کھلونے بنانے والی بندائی کمپنی نے مشترکہ طور پر جاپان کے مشہور روبوٹ کا کھلونا ورژن پیش کیا۔ اس کا نام بھی جاپان کی تاریخ کے سب سے زیادہ لمبے چلنے والے کارٹون گندم کے نام پر رکھا گیا تھا۔ خالص پلاٹینم سے تیار کردہ یہ کھلونا 13 سینٹی میٹر جسامت اور 1400 گرام وزن کا حامل تھا۔ اور اس کی قیمت تھی صرف۔۔۔ 41،468 ڈالرز
اگر آپ مین ہٹن میں رہتے ہیں تو پارکنگ کے لیے جگہ کا ہونا آپ کے لیے باقی تمام اشیاء سے زیادہ قیمتی ہے۔ اے بی سی ڈاٹ کام کی ایک رپورٹ کے مطابق مین ہٹن کی گنجان آباد جگہوں پر پارکنگ جگہ کا مالک ہونا انتہائی اہم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ رئیل اسٹیٹ کی دنیا میں سب سے مفید کاروبار بن چکا ہے۔ اسی لیے اکثر لوگ کار نا ہونے کے باوجود پارکنگ جگہ خریدتے ہیں۔ پس اگر آپ مین ہٹن کے رہائشی ہیں تو ہاف ملین ڈالرز کے عوض آپ کو چند میٹر جگہ باآسانی مل سکتی ہے وہ بھی کار کے بغیر۔۔۔