مجھ پر تنقید کرنیوالے کرکٹرز کے راز بتادوں تو مداح کرکٹ دیکھنا چھوڑ دینگے: عمر اکمل
ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) نادر علی پوڈ کاسٹ میں عمر اکمل نے شرکت کی اور اس میں اُنہوں نے نجی زندگی سمیت اپنے کرکٹ کے کیرئیر پر بات چیت کی اور دوران شو میزبان نادر علی نے عمر اکمل سے ان کی وائرل ڈانس والی ویڈیوز اور ٹک ٹاک ویڈیوز کے بارے سوال کیا کہ آپ جو ویڈیوز بناتے ہیں لوگ اس پر تنقید کرنا شروع کردیتے ہیں جب کہ وہ ویڈیوز آپ نے اپنے فارغ وقت میں بنائی ہوتی ہیں ۔
اس کے جواب میں عمراکمل نے کہا کہ اگر انسان اپنے بہن بھائیوں کی شادی پر انجوائے نہ کرسکے تو کیا باہر والوں کی شادیوں پر کرے ؟ اگر کوئی شخص اپنے قریبی عزیز کی شادی یا کسی تقریب میں ڈانس کر لے تو اس میں کوئی بُری بات نہیں ہے ۔
قومی کرکٹر نے کہا ‘یہ جو لوگ بات کرتے ہیں نہ کہ یہ میچور کیوں نہیں ہورہا، میرے خیال میں زیادہ کرکٹرز کہتے ہیں اور جو یہ بولتے ہیں میں نے ان کے ساتھ بہت کرکٹ کھیلی ہوئی ہے تو خدارا ایسا نہیں کریں’۔
انہوں نے کہا ‘جو مجھے یہ بولتے ہیں وہ میرے سینئر ہیں اور میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں ، مجھے مجبور نہ کریں، ان کے راز بھی میرے پاس پڑے ہیں، اگر میں نے وہ راز باہر نکالے تو ان کی عزت نہیں رہے گی’۔
عمر اکمل نے کہا ‘اگر انہیں چار، پانچ لاکھ بندہ جانتا ہے تو مجھے بھی پچاس ساٹھ ہزار لوگ تو جانتے ہوں گے، خدارا جب تک آپ کے پاس ثبوت نہیں ہیں تب تک مجھ سمیت کسی دوسرے کرکٹر پر بات نہ کریں’۔
کرکٹر نے مزید کہا ‘ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ چھوٹا ہے، قابو آجائے گا لیکن اب میں چھوٹا نہیں رہا، میرے بچے ہیں، جس کو میں یہ بات بول رہا ہوں، ان تک یہ پہنچ جائے گی، اگر میں نے وہ باتیں باہر نکالیں تو ہماری عوام بہت اچھی ہے وہ کرکٹ دیکھنا چھوڑ دے گی’۔