ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) ویب ڈیسک چین نے اپنے ملک میں موجود آخری بھارتی صحافی کو اس ماہ کے آخر تک ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق اس انڈٰن صحافی کا تعلق پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے ہے جسے چینی حکام نے اس ماہ ملک چھوڑنے کو کہا ہے۔
جیسے ہی یہ صحافی چین چھوڑے گا، کوئی ہندوستانی صحافی چین یعنی دنیا کی دوسری بڑی معیشت والے ملک میں نہیں بچے گا۔ یہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان دوریاں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
اس سال کے شروع میں چار ہندوستانی رپورٹر چین میں تھے۔ ہندوستان ٹائمز کے رپورٹر نے ہفتے کے آخر میں ملک چھوڑ دیا تھا، جبکہ دی ہندو اور پرسار بھارتی کے صحافیوں کے ویزوں کی اس سال اپریل میں تجدید نہیں کی گئی تھی۔
گذشتہ ماہ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے کہا تھا کہ ہندوستان میں ایک چینی صحافی رہ گیا ہے، جو اب بھی اپنے ویزا میں توسیع کا انتظار کر رہا ہے۔
اس سے قبل بھارت نے شنہوا نیوز ایجنسی اور چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن کے دو صحافیوں کی ویزا تجدید کی درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔