ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان کا کہنا ہے کہ ان شاء اللّٰہ ڈالر کا ریٹ مزید گرے گا، بر وقت فیصلوں پر وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور گورنر اسٹیٹ بینک کو مبارک باد دیتا ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمرشل بینک کافی عرصےسے اوپن مارکیٹ سے کریڈٹ کارڈ کے لیے ڈالر ہائی ریٹ پر خرید رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 315 روپے کا ہوا تو وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے مجھ سے رابطہ کیا، انہوں نے پوچھا کہ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا فرق اتنا کیوں ہو گیا۔
چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن نے کہا کہ میں نے بتایا کہ کمرشل بینک کریڈٹ کارڈ کے لیے ڈالر خرید رہے ہیں، کمرشل بینکوں کے ڈالر خریدنے سے اوپن مارکیٹ پر اثر پڑا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے بر وقت فیصلہ کیا اور کل سرکلر جاری کیا، کمرشل بینکوں کو کہا گیا کہ ڈالرایکسچینج کمپنی کے بجائے انٹر بینک سے خرید سکتے ہیں۔
ملک بوستان نے کہا کہ 31 جولائی تک یہ ٹیسٹنگ پیریڈ ہے، اسحاق ڈار کے فیصلے سے حاجیوں کو بہت فائدہ ہو گا، حاجی ڈالر 315 روپے کا لے رہے تھے، اب 285 روپے کا لیں گے۔
چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈالر کو گرانا مشکل نہیں ہوتا اسے برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے۔