لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس لاہور پر حملے کی مرکزی ملزمہ خدیجہ کے میڈیکل اورملاقات کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے درخواست پر سماعت کی، جب کہ خدیجہ شاہ کے وکیل سمیر کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔
خدیجہ شاہ کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ میڈیا پر خدیجہ شاہ کی طبیعت ناساز ہونے کی خبریں چل رہی ہیں، جب سے خدیجہ شاہ گرفتار ہوئی ہے فیملی کو ملنے نہیں دیا گیا۔
وکیل نے استدعا کی کہ جیل حکام سے خدیجہ شاہ کی میڈیکل رپورٹ طلب کی جائے، اور خدیجہ شاہ کی فیملی کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے خدیجہ شاہ کے میڈیکل اور ملاقات سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
*جیل میں خدیجہ شاہ کی طبیعت خراب*
گزشتہ روز جناح ہاؤس لاہور پر حملے کی مرکزی ملزمہ اور شناخت پریڈ کے لئے کوٹ لکھپت جیل میں قید ملزمہ خدیجہ شاہ کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔
خدیجہ شاہ 30 مئی تک جوڈیشل ریمانڈ پرجیل میں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ گزشتہ 2 روز سے پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔