جناح ہاؤس لاہور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں تحریک انصاف کی رہنما کو لاہور کی عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے اب انہیں شناخت پریڈ مکمل کر کے دوبارہ 30 مئی کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
خدیجہ شاہ کو چہرہ ڈھانپ کر کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے خدیجہ شاہ کو کمرہ عدالت میں شوہر سے ملاقات کی اجازت بھی دی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، عدالت میں پولیس نے خدیجہ شاہ کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوانے کی استدعا کی تھی۔
عدالت میں پولیس نے کہا کہ خدیجہ شاہ کیس کے تفتیشی افسر ہائی کورٹ میں مصروف ہیں۔
عدالت نے خدیجہ شاہ اور ہما سعید کی حاضری مکمل کی اور دونوں خواتین کو واپس لے کر جانے کی اجازت دیتے ہوئے مزید کارروائی کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی تھی۔
گزشتہ روز خدیجہ شاہ کو گرفتار کیا گیا تھا جو سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی اور سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کی پوتی ہیں۔