ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ نے ظل شاہ قتل کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت خارج کردی۔
سیشن کورٹ لاہور میں ظل شاہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، محمود الرشید، یاسمین راشد، فرخ حبیب آج عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے۔
ایڈیشنل سیشن جج بلال بیگ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے یاسمین راشد، محمود الرشید اور فرخ حبیب کی عبوری ضمانت خارج کردی، تینوں پی ٹی آئی رہنماوں کی عبوری ضمانت عدم پیروی پر خارج کی گئی۔
سیشن کورٹ نے فواد چوہدری اور راجہ شکیل زمان کی تفتیش مکمل نہ ہونے پر عبوری ضمانت میں 3 جون تک توسیع کردی۔
اس سے قبل عدالت میں فواد چوہدری کی جانب سے ان کے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔
پراسیکیوٹر زبیر موہل نے کہا کہ عدالت تاریخ دے، اگلی تاریخ پر فائنل دلائل دوں گا۔
دوسرا مقدمہ تھانہ سرور روڈ میں درج کیا گیا، پہلے کیس کے تفتیشی افسر مدعی بنے، پولیس نے ظل شاہ کو اسپتال منتقل کرنے والے ملزمان کے بیان پر مقدمہ درج کیا۔