ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی کی سربراہی میں انویسٹیگیشن ٹیم سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائشگاہ پہنچ گئی۔ ٹیم سرچ وارنٹ کی روشنی میں پہلے عمران خان سے مذاکرات کرے گی اور اتفاق کی صورت میں ان کی رہاشگاہ کی تلاشی لی جائے گی۔
عمران خان کی رہائشگاہ کی تلاشی 400 پولیس اہلکار لیں گے جن میں خواتین اہلکار بھی شامل ہوں گی۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے پی ٹی آئی کو الٹی میٹم دیا تھا کہ وہ 24 گھنٹے میں جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کو پنجاب پولیس کے حوالے کریں ورنہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ انٹیلیجینس رپورٹ ہے کہ 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 دہشتگرد زمان پارک میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فیصلہ ہوگیا ہے کہ دہشتگردوں کا ٹرائل فوجی عدالت میں ہوگا، اور اب کسی نے ریاست کی رٹ چیلنج کی تو اسے سنگین تنائج بھگتنے ہوں گے۔
عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور میں موجود مبینہ دہشتگردوں کی حوالگی سے متعلق پنجاب حکومت کی طرف سے دی گئی ڈیڈلائن جمعرات کو دوپہر 2 بجے ختم ہوگئی تھی جس کے بعد سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل زمان پارک کی طرف جانے والے تمام راستے بھی بند کردیے گئے تھے۔