ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے غیرملکی میڈیا کو خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری قانون کے مطابق تھی، عمران خان نے ہمیشہ عدلیہ کی توہین کی، کبھی قانون کی پاسداری نہیں کی، وہ سمجھتا ہے کوئی اسے پوچھ نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر کرپشن کے الزامات تھے، ان کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، یہ گرفتاری نیب نے کی اور قانون کے مطابق تھی۔
عمران خان کی نااہلی سے متعلق سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم عمران خان کو نااہل کیوں کرانا چاہیں گے؟ کوئی بھی جمہوری حکومت ایسا کیوں کرے گی؟ البتہ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کیا، جیلوں میں ڈالا اور ان کی آواز بند کرنے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالتی حکم جاری ہونے کے بعد یہ ان کا آئینی حق ہے کہ وہ اس آرڈر کا جائزہ لیں یا اس پر بات کریں۔
ایک اور سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ تین روز کے دوران کوئی پرامن شہری سڑکوں پر نہیں تھا، صرف مسلح جتھے اور دہشت گرد موجود تھے جنہوں نے ریاستی اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے ، عمران خان کو گرفتار یا خاموش کرنا ہوتا تو ہم 14 ماہ انتظار نہ کرتے