ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے بلاول بھٹو کے دورہ بھارت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ہاتھ نہ بڑھانے کے باوجود یہ وہاں پہنچ گئے، بلاول بھارت سے ذلت کما کر لانے کے سوا کیا لائے ہیں، ان کے جانے کے باوجود بھارت نے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ وکلا نے عدالت میں بتایا عجیب و غریب پرچے کٹ رہے ہیں، پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہو رہی کہ الیکشن کے آئینی مطالبے سے پیچھے ہٹ جائیں، مسئلہ ایک دن کے الیکشن یا ایک ہی دن الیکشن کا نہیں ہے، ان کو پتہ ہے یہ عوام کا سامنا نہیں کر سکتے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کو عمران خان کا خوف ہے اس لیے یہ الیکشن میں نہیں جانا چاہتے، یہ آئین اور قانون سے انحراف کر رہے ہیں، یہ ملک کی تباہی تو کر رہے ہیں لیکن یہ اپنے لیے بھی گڑھا کھود رہے ہیں، یہ خود تو ڈوبیں گے ساتھ ملک کو بھی لے کر ڈوب رہے ہیں، عمران خان کی کال پر آج لاہور سمیت ملک بھر میں لوگ نکلیں گے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، امید ہے کہ ابھی بھی جو فیصلہ آئے گا وہ دو ٹوک ہوگا۔
تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت ان ہی ججز کے قاسم سوری کی رولنگ کے خلاف فیصلے کے باعث بنی، عمران خان نے فیصلہ تسلیم کیا، کسی جج کے ذاتی زندگی کے بارے سوال نہیں اٹھائے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں سلطنت جاتی عمرہ کا آئین نافذ کر دیا جائے، پاکستان بنانا ری پبلک نہیں ہے، شہبازشریف جتنا نالائق اعظم پاکستان میں پہلے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول وزیر خارجہ ہیں یا وزیر سیروتفریح ہیں، بلاول بھارت جا کر پاکستان کیلئے شرمندگی کا باعث بنے، انہوں نے پاکستان کا فائدہ کرنے کے بجائے نقصان کیا ہے، آج دیہاڑی دارطبقہ 2 وقت کی روٹی نہیں کھا سکتا، غصے میں کئے گئے فیصلے درست نہیں ہونگے، فیصلہ کرنا ہے فیصلے بند کمروں میں ہونگے یا عوام کریں گے۔
فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ تمام تر مظالم کے باوجود پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے، رانا ثناء وزیر داخلہ کے نام پر وزیر جنگل کا قانون بنے ہوئے ہیں، عمران خان پاکستانی قوم کی آخری امید ہیں۔