ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل کو متنبہ کیا ہے کہ اگر عمران خان عدالت پیش نہ ہوئے تو ان کی ضمانت خارج کردی جائے گی۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف لیگی رہنما محسن شاہ نواز پر حملہ کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق نےعمران خان کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ڈاکٹرز کی ہدایت پرعمران خان نے سفر نہ کرنے کا فیصلہ کیا، کل عدالت پیشی پر دھکا لگنے سے ان کے زخم متاثر ہوئے، ان کی آج حاضری سےاستثنا کی درخواست دائرکی جائےگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی عدم حاضری پرسخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ کہاں ہیں درخواست گزار۔
وکیل نے عدالت کو جواب دیا کہ وہ نہیں آئے، ان کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی ہے۔
چیف جسٹس نے پھر استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کہاں ہے استثنا کی درخواست، عدالتوں کا مذاق بنا رکھا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی وقت ختم ہونے تک پیش نہ ہوئے تو ضمانت خارج کر دیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔