ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لاہور میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان سازش کرنا بند کردیں ،مزدور کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں تھا مسلم لیگ ن کا لیبر ونگ اتنا متحرک ہے ، دیکھ کر خوشی ہوئی، ہمارے محنت کش ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، خواہش ہے کہ کم سے کم اجرت 40 ہزار ہو۔
انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ اوروزیراعظم تک یہ بات پہنچاؤں گی کہ کم سے کم تنخواہ 40ہزار ماہانہ ہونی چاہیے، مشکل اورسخت معاشی حالات کے باوجود وزیراعظم نے ماہانہ تنخواہ 35ہزار روپے کی، 2017میں روٹی 2روپے کی تھی اور مزدور کے بچے پیٹ بھر کر روٹی کھاتے تھے، آج سب سے زیادہ ترقی میں ہاتھ مزدور کا ہے اور ان کو روٹی نہیں مل رہی۔
مریم نوازنے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی ترقی میں ایک شخص حائل ہے اس کا نام عمران خان ہے، وہ بھی وقت تھا جب ڈالر 100روپے کا تھا، 2013سے 2017تک آٹے کی قیمت 35روپے سے بڑھنے نہیں دی ، نوازشریف ایک ہی بات کرتے تھے اس ملک کا مزدور پیٹ بھر کر کھانا کھائے ۔
انہوں نے کہا کہ 2روپے کی روٹی آج 25روپے کی ہے ،کس کو الزام دینا ہے؟ صرف عمران خان ذمہ دار نہیں بلکہ پورا ٹولہ ہے، ملک پیچھے کی طرف کیوں جارہا ہے آج مجھے بات کرنی پڑے گی، اس گینگ کا سربراہ عمران خان ہے، پاکستان کا کرپٹ ترین شخص اس گینگ میں شامل ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نا کھاتا ہے نا کھانے دیتا ہے، یہ کھاتے بھی ہیں اور کھانے بھی دیتے ہیں، عمران خان کی سازش کو سمجھنے کی ضرورت ہے، سینئر ترین ججز نے ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی ، اس سازش کو سمجھنے کی ضرورت ہے، پرویز الہٰی اسمبلی توڑنا نہیں چاہتے تھے، اصل سازش کا بھانڈا خود اس فتنہ خان نے پھوڑا۔
انہوں نے کہا کہ شکر ہے عمران خان کی حکومت ختم ہوئی، لانگ مارچ ناکام ہوا، جیل بھرو تحریک ناکام ہوئی، عمران خان کا اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ ناکام ہوا، نوازشریف پر جھوٹے الزامات لگائے گئے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ فروخت کیے جارہے ہیں، آڈیو لیکس میں حقائق سامنے آگئے ہیں، ایک ٹکٹ کے ایک کروڑ روپے لیے جارہے ہیں۔