پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب اور پی ٹی آئی امیدوار ابوزر کی مبینہ آڈیو سامنے آنے پر چھان بین شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹکٹ ہولڈر ابوزر چدھڑ پر 2021ء میں مقدمہ بھی درج ہوا، نامزد امیدوار کو پی ٹی آئی میں شامل ہوئے چند ماہ ہی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق عدالت نے ابوذر اور اُن کے دوست پر درج ہونے والا مقدمہ خارج کردیا تھا۔
پی ٹی آئی امیدوار کے والد مقصود چدھڑ نے اس حوالے سے کہا کہ پولیس نے غلط پرچہ کرنے پر ایس ایچ او کو معطل کردیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے مقدمہ جھوٹا قرار دے کر خارج کردیا تھا، بیٹے کو ٹکٹ ملنے پر کسی کو کوئی رقم نہیں دی۔
مقصود چدھڑ نے یہ بھی کہا کہ ابوذر کے ٹکٹ کی سفارش ثاقب نثار نے کی تھی۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 137 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ابوزر نے سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو فون کیا تھا جسکی آڈیو لیک ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی امیدوار نے نجم ثاقب سے کہا تھا کہ آپ کی کوششیں رنگ لے آئیں، بس جلدی سے ٹکٹ چھپوا دیں۔
نجم ثاقب نے کہا کہ بس بابا کا شکریہ ادا کرنے اور انہیں جپھی ڈالنے آ جانا۔
نجم ثاقب نے لیک آڈیو میں پی ٹی آئی کی ٹکٹ دیے جانے کے بدلے پیسوں کے لین دین کی بھی گفتگو کی تھی۔