ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں آج بارش کا امکان ہے جس کی وجہ سے مطلع ابر آلود رہے گا۔ شہر کراچی میں آج کہیں ہلکی تو کہیں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ٹھٹھہ، بدین، دادو، سانگھڑ اور خیرپور میں بھی بادل برسیں گے۔
گزشتہ روز کراچی میں سرجانی اور اورنگی ٹاون سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسے۔ فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، عزیز آباد اور گلشن اقبال سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ، قلات، خضدار، زیارت، بارکھان، چمن، پشین، نوشکی اور نوکنڈی میں بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیارت 22، قلات 21 اور پشین میں درجہ حرارت 24 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے ‘گلوبل انفارمیشن ارلی وارننگ سسٹم’ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سال بھی شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان شدید بارشوں کے خطرات کا سامنا کرنے والے 20 ممالک میں شامل ہے۔ مختلف ملکوں میں جون میں شدید بارشوں اور سیلاب سے غذائی قلت کا خدشہ ہے۔