ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی نے پنجاب میں انتخابی اخراجات سے متعلق بل کی تحریک کثرت رائے سے مسترد کردی۔
اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی رپورٹ پیش کی گئی، رپورٹ میں الیکشن اخراجات برائے پنجاب و خیبرپختونخوا بل کو مسترد کیا گیا تھا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پنجاب میں الیکشن اخراجات سے متعلق بل کی تحریک ایوان میں پیش کی، جسے متفقہ طور پر مسترد کردیا گیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں ٹیکس قوانین ترمیمی بل بھی پیش کیا، ایوان نے بل کی شق وار منظور دیدی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں ایم این اے سائرہ بانو نے کہا کہ وزارت تعلیم کے تحت سرکاری گاڑیوں کی تعداد سے متعلق سوالات کے جواب موصول نہیں ہوئے، پہلے بھی اس بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب موصول نہیں ہوئے، کیا یہ اتنا مشکل سوال ہے کہ جواب نہ دیا جا سکے۔
اسپیکر نے کہا کہ پہلے بھی رولنگ دی تھی کہ اگر جواب نہ ملا ہو تو وجہ سے آگاہ ضرور کیا جائے۔
سائرہ بانو سوالات کا جواب نہ آنے پر براہ راست وزیراعظم سے مخاطب ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے وزراء کام نہیں کررہے، وزراء کی تعداد تو بہت زیادہ ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ آپ رکن پارلیمنٹ ہیں، کسی سے براہ راست گفتگو نہیں کر سکتیں، جس پر سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ وزراء کام نہیں کر رہے، اس بارے میں آگاہ تو کرنے دیں