ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بھانجے فوکل پرسن پی ٹی آئی حسان نیازی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف کراچی میں لوگوں کو قومی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں ایک الگ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمہ جمشید کوارٹرز تھانے میں محمد اقبال نامی شہری کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق حسان نیازی لوگوں کو قومی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے میں ملوث تھا اور سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں بدامنی کو ہوا دینے کی کوشش کی۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس بیان نے عوام میں غصہ اور پریشانی پیدا کی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ کراچی ایسٹ پولیس کی ٹیم کیس میں حسن نیازی کی گرفتاری کے لیے لاہور اور اسلام آباد روانہ ہوگی۔
واضح رہے اتوار کو کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے بیرسٹر حسان نیازی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کلیم اللہ نے پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کا وفد حسن نیازی کی تحویل کے لیے کوئٹہ میں موجود ہے