ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ مینارِ پاکستان پر ہمارا چھٹا جلسہ ہے اور میرا دل کہہ رہا ہے کہ یہ تاریخی جلسہ ہوگا اور پہلے کہ تمام ریکارڈز توڑ دے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے لکھا کہ میری لاہور میں سب کو دعوت ہے کہ نمازِ تراویح کے بعد اس تاریخی جلسے میں ضرور شامل ہوں حقیقی آزادی کے اپنے ویژن پر روشنی ڈالوں گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور جلسے میں اپنی قوم کو بتاؤں گا کہ ہم پاکستان کو تباہی کی اس دلدل سے کیسے نکالیں گے جس میں مجرموں کے اس گروہ نے ملک کو دھکیلاہے، یہ (مجرم) لوگوں کوجلسے میں شرکت سے روکنے کیلئے ہر طرح کی رکاوٹ ڈالیں گے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں سب کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ اس سیاسی اجتماع میں شرکت آپ کا بنیادی حق ہے چنانچہ اپنا حق استعمال کیجئے اور مینارِ پاکستان کے اس تاریخی اجتماع میں شریک ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان میں ہونے والے جلسے کو ناکام بنانے کیلئے حکومت نے شہر کے مختلف راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے۔