ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے ویڈیو بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں زمان پارک میں ہی رہوں گا جس کو بھی مارنا ہے آکر ماردے ۔
پاکستانی عوام کیساتھ ویڈیو کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے مشورہ دیا جارہا ہے کہ آپ آزاد کشمیر یا گلگت بلتستان چلے جائیں کیونکہ وہاں آپ کی حکومت ہے اور آپ کو مکمل تحفظ کی بھی ضرورت ہے مگر میں نے فیصلہ کر لیا ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ میں زمان پارک میں ہی رہونگا اور جس کو بھی آکر مارنا ہے ماردے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے بتایا کہ مینارِپاکستان میں ہونے والے جلسہ کو روکنے کیلئے پی ٹی آئی کے تقریباً 1 ہزار سے بھی زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے مگر ان سب کے باوجود اب قوم رُکنے والی نہیں ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ طاقتور کو قانون یہ حق نہیں دیتا کہ وہ اپنی من مرضی کرے ، مدینہ کی ریاست میں سب سے پہلے قانون کی حکمرانی تھی ، جو پاکستان میں ہورہا اس کا مسئلہ یہ ہے کہ طاقتور اپنے آپ کو قانون سے بالا تر سمجھتا ہے ۔
عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم پر الیکشن کمیشن نے فنڈز نہ ہونے کا بہانہ بنایا اور اب الیکشن 8 اکتوبر کو چلے گئے کیا 8 اکتوبر تک سارے ملکی مسائل حل ہو جائیں گے ؟
مزید عمران خان نے یہ بھی کہا کہ کون آج یہ گارنٹی دے گا کہ 8 اکتوبر کو الیکشن ہونگے یا نہیں ؟ کون یہ فیصلہ کرے گا۔ ہم نے اگر آئین کا قتل ہونے دیا تو بات رُکے گی نہیں بلکہ بہت آگے جائے گی ۔ پہلے 90 دنوں میں الیکشن کروانے کا کہا گیا لیکن کیا ہوا ؟
عمران خان نے اہل لاہور سے مینار پاکستان جلسے میں بھرپور انداز سے شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لاہور جب نکلتا ہے تو فیصلہ ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں کل حقیقی آزادی کا روڈ میپ دوں گا قوم جلسہ میں ضرور آئے اور حقیقی آزادی حاصل کرے ۔