ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر سمیت چاروں صوبوں میں ایوارڈز دینے کی تقریبات ہوئیں گورنر ہاؤس لاہور میں 40 شخصیات کو سول ایوارڈز دیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر سمیت چاروں صوبوں میں ایوارڈز دینے کی تقریبات ہوئیں گورنر ہاؤس لاہور میں بھی پروقار تقریب ہوئی جس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے اور ملک کا نام روشن کرنے والی 40 شخصیات کو صدر پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈز دیے۔
تقریب میں جن شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا ان میں پروفیسر ڈاکٹر محمدعلی کو شعبہ تعلیم میں ستارہ امتیازسےنوازا گیا۔ عطا الرحمان (مرحوم) کو شعبہ صحافت میں ستارہ امتیاز بعد از وفات دیا گیا۔ فن اداکاری میں توقیراحمد ناصر کو ستارہ امتیاز، کھیل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد بابر اعظم کو ستارہ امتیاز، شعبہ فن وثقافت میں ریاض شاہد مرحوم کو ستارہ امتیاز بعد از وفات سے نوازا گیا۔
علامہ محمد رضا ثاقب مصطفائی کو مذہبی اسکالرز کے شعبے میں ستارہ امتیاز، عبد الرؤف روفی کو شعبہ نعت خوانی میں ستارہ امتیاز، شعبہ ادب اور شاعری میں شاکر شجاع آبادی، شعبہ فن اداکاری، پروڈکشن اور ڈائریکشن میں سنگیتا کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دیا گیا۔
شعبہ پروڈکشن مین ہی محمد حفیظ طاہر کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، سید افضال طالب مرحوم کو بعد از وفات ایوارڈ برائے حسن کارکردگی۔ شعبہ قوالی میں شبیر میاں داد کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، شعبہ ادب، فن اور شاعری میں فرحت عباس شاہ کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
نیلم احمد بشیر کو شعبہ ادب میں، ڈاکٹر نصرت اللہ چوہدری اور ڈاکٹر محمد عقیل بابری کو شعبہ طب میں تمغہ امتیاز عطا کیے گئے۔ ان کے علاوہ ملک محمد سلیم احمد اور محمد اشرف حیدر احمد کو بھی تمغہ امتیاز سے نوازا گیا.