ڈیلی دھرتی ( ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سیکرٹری جنرل اسدعمر نے کہا ہے کہ ملک کے ساتھ ڈرامہ کیا جارہا ہے، نئے انتخابات کی طرف جانے سے نہ روکا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کروانے کا پابند ہے، معاشی حالات اس میں آڑے نہیں آسکتے، جمعرات تک پنجاب میں انتخابات کا فیصلہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پارلیمانی بورڈ کی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں ، چیئرمین عمران خان نے بہت جلد ٹکٹوں کے اعلان بھی کرنا شروع کردینے ہیں، سب کو پتہ ہے یہ الیکشن پاکستان تحریک انصاف کا الیکشن ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ 90 روز میں ضمنی انتخابات ہونا کلئیر ہوچکا ہے ، قومی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کی تاریخ دے چکا ہے ، آئندہ سماعت پر امید کرتے ہیں کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا ، گورنر اور الیکشن کمیشن مانتے ہیں کہ انتخابات 90 دن میں ہونے چاہیئے لیکن تاریخ دینے کو تیار نہیں۔
انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر آچکے ہیں اور حکومت گرفتاریوں اور مقدمات میں مصروف ہے، ملک کے ساتھ ڈرامہ کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی والوں کو راتوں رات اٹھایا جارہا ہے ، یہ قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں، قوم کو ان کے سب ڈراموں کی سمجھ ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ میرا ملک برے طریقے سے زخمی کیا جارہا ہے، پشاور واقعہ دہشتگردی کے بدترین واقعات میں سے ایک تھا، نمازیوں کو شہید کیا گیا، ہم پشاور واقعہ پر شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔