ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان لانگ مارچ کے دوران ہونے والے حملے میں زخمی ہونے کے بعد شوکت خانم اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ آج تیسرے روز بھی ان کا علاج جاری ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق عمران خان کے آج پھر کچھ ٹیسٹ کیئے جائیں گے۔ چار رکنی میڈیکل بورڈ کچھ دیر میں عمران خان کا معائنہ کرے گا۔ زخموں کی حالت دیکھ کر ڈسچارج کیے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے زخموں میں بہتری آرہی ہے اور سابق وزیر اعظم کو آج اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم ان کی مکمل صحت یابی کے لیے مزید وقت درکار ہو گا۔
گزشتہ روزعمران خان کے معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا بریفنگ میں ایکسرے اور سی ٹی سکین کی تصاویر کے ساتھ عمران خان کی صحت کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا۔
فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ٹانگ میں گولیوں کے دو ٹکڑے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ٹانگ کے نچلے حصے پر مزید دو گولیوں کے ٹکڑے نظر آ رہے ہیں۔ ان میں سے ایک گولی کے حصے نے ہڈی کو نقصان پہنچایا ہے جس وجہ سےفریکچر ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹانگ کی شریان کے بالکل قریب گولی کے چھوٹے حصے نظر آ رہے ہیں۔ چونکہ اس بڑی شریان نے جسم کے باقی حصوں کو خون کی فراہمی کرنی ہوتی ہے، اس کے کٹ جانے سے بہت تیزی سے خون بہنا شروع ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے مکمل صحت یابی کے بعد دوبارہ سڑکوں پر آنے اور احتجاج ریکارڈ کرانے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیاگیا جس میں ان کی ٹانگوں پر گولیاں لگیں۔ فائرنگ سے ایک کارکن شہید بھی ہوا۔