ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت کسی ایسے مارچ کا جو خونی ہو متحمل نہیں ہوسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ملک کی معیشت اور ملک کو بچانے کا ہے اگر پاکستان کے سیاست دانوں نے اس وقت بھی اپنی سوچ نہ بدلی تو یہ لمحہ فکریہ ہوگا۔
حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے جانب سے نعت خوانی کی محفل میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی آئی ایس آئی کی پریس کانفرنس ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور معیشت کو بہتر بنانے کے حوالے سے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی عوام اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں لانگ مارچ کے حوالے سے ان کے اپنے دیرینہ ساتھی فیصل واڈا نے جو کچھ کہا ہے وہ عوام کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔
گورنرسندھ نے کہا کہ وزارت داخلہ اور دیگر اداروں کو چاہیے کہ وہ اس کی انکوائری کریں پہلے ہی پاکستان دو سال تک کورونا کی وجہ سے معاشی بدحالی کا شکار تھا اوپر سے اب بھی سندھ سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں سیلاب کی تباہ کاریاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی محب وطن ہے افواج پاکستان ہو اسٹیبلشمنٹ یا دیگر ادارے ہوں وہ سب ریاست کے ماتحت ہیں ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنے الفاظوں کے چناؤ میں بہت احتیاط کریں۔
کامران ٹیسوری نے واضح کیا کہ یہ پاکستان کے بیرونی خطرات کا معاملہ ہے سب کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے آگے بڑھنا ہے۔