ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے درمیان ملاقات ہوئی۔لانگ مارچ، سیاسی صورتحال، پنجاب میں انتظامی امور اور صوبائی حکومت کی عوامی ریلیف سکیموں جیسے پنجاب احساس راشن ڈسکاؤنٹ پروگرام زیر بحث آئے۔
عمران خان اور چوہدری پرویز الٰہی نے کینیا میں سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ارشد شریف کو 23 اکتوبر کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا اور اس قتل نے انسانی حقوق کی تنظیموں، میڈیا برادری اور سول سوسائٹی میں صدمے کی لہر دوڑائی تھی۔
کمزور معیشت پر تشویش
دونوں رہنماؤں نے خراب معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ عمران خان نے کہا کہ مخلوط حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔
لانگ مارچ حقیقی آزادی کے لیے جہاد ہے۔ عوام کا جوش و خروش ظاہر کر رہا ہے کہ لانگ مارچ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ لانگ مارچ سے امپورٹڈ حکومت سے نجات مل جائے گی۔ عمران خان پاکستانی عوام کے لیے امید کی کرن ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان اور ان کی مہم کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔