ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا دورۂ لندن کا شیڈول تبدیل ہوگیا، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی قطر میں اپنے بیٹے جنید صفدر اور سمدھی سیف الرحمان سمیت دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے قطر میں مختصر قیام کا فیصلہ کر لیا۔ بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مریم نواز بیٹے جنید صفدر کے ہمراہ ایک روز تک قطر میں قیام کریں گی۔
قطر میں قیام کے دوران مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے سمدھی سیف الرحمان سمیت دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی اور ایک شب قیام کے بعد لندن روانہ ہوں گی۔
گزشتہ روز مریم نواز نے نجی ائیر لائن کی پرواز نمبر کیو آر 629 کے ذریعے لاہور ائیرپورٹ سے قطر کے راستے سے لندن کیلئے اڑان بھری۔ دوحہ ائیرپورٹ پر پارٹی رہنما مریم نواز کے استقبال کیلئے موجود تھے۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے قطر میں ہم وطنوں سے بھی ملاقات اور بات چیت کی۔ اس دوران ایک پاکستانی نے مریم نواز سے 30 سالہ ن لیگی دورِ حکومت پر سوال کیا، تاہم انہوں نے جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا۔
روانگی سے ایک روز قبل ہی مریم نواز کو لاہور ہائیکورٹ نے ان کا پاسپورٹ واپس کیا تھا جس کے بعد مریم نواز نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس کی اور اگلے ہی روز لندن کیلئے روانہ ہوئیں۔
مریم نواز کے لندن پلان کے متعلق بعض میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ن لیگ کی نائب صدر اپنے والد نواز شریف سے بالمشافہ ملاقات کے بعد 30 روز گزار کر 6 نومبر کو نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آئیں گی۔