ڈیلی دھرتی ( ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ادارے عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کو بری کیے جانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ادارے کسی کے حق میں فیصلہ دیں یا خلاف، عوامی رائے میں ان فیصلوں کی کوئی حیثیت نہیں رہ گئی، پاکستان کے ادارے عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا جرم اربوں روپے کے ایون فیلڈ کے محلات ہیں، اس جرم میں ان کا کردار کسی شک و شبہے سے بالاتر ہے ۔
دوسری جانب سابق وزیرعلی زیدی کا کہنا تھا کہ اب عذیر بلوچ کو بھی رہاکر دینا چاہیے جبکہ سینیٹر اعظم سواتی نے مریم نواز کی رہائی کو ملکی تاریخ کا سیاہ باب قرار دے دیا۔
ادھر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عمران خان اس ہفتے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال دیں گے جبکہ پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے کہا کہ ن لیگ کو این آر او ٹو دے دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو دی گئی 7 سال کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کر دیا تھا۔