ڈیلی دھرتی ( ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف وزیراعظم دو روزہ دورے پر ازبکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سمرقند انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پہنچے جہاں انکا استقبال وزیراعظم ازبکستان عبداللہ آریوف، وزیر برائے پبلک ایجوکیشن ازبکستان بختیار سائیدوف، گورنر سمرقند ارکنجون تردیموف، نائب وزیر خارجہ ازبکستان غیرت فوزیلوف، پاکستان میں ازبک سفیر ایبک عارف عثمانوف اور اعلی حکام نے استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دورے کے دوران سمر قند میں خضر کمپلیکس کا دورہ کیا، ازبکستان کے بانی رہنما اسلام کریموف کے مزار پر حاضری بھی دی۔
دورے پر جانے سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے لیے ازبکستان روانہ ہو رہا ہوں، عالمی اقتصادی بحران نے رکن ممالک کے درمیان مزید تعاون کی ضرورت کو جنم دیا۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایس سی او کا ویژن دنیا کی 40 فیصد آبادی کی امنگوں کی نمائندگی کرتا ہے، پاکستان شنگھائی سپرٹ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ باہمی احترام اور اعتماد مشترکہ ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہو سکتا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے پاس صلاحیت ہے کہ وہ آگے بڑھنے کا راستہ نکالے۔