ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے ااپنے حالیہ انٹرویو میں تسلیم کیا ہے کہ بابراعظم اس وقت دنیا کے بہترین بلے باز ہیں۔
ویرات کوہلی نے بھارتی اسپورٹس چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم بہترین ٹیلنٹ ہے اور اس کے کھیل کو دیکھ کر میں ہمیشہ لطف اندوز ہوا ہوں اور وہ تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ویرات کوہلی کا انٹرویو میں مزید کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی کے باوجود بابراعظم کا ان کے ساتھ رویہ تبدیل نہیں ہوا اور میں بھی ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
ویرات کوہلی نے اپنے آؤٹ آف فارم ہونے اور ذہنی دباؤ بڑھنے سے متعلق بھی گفتگو کی۔
سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ میں خود کو بتاتا رہا کہ مجھ میں کھیل کی شدت ہے لیکن میری باڈی کہتی تھی ابھی وقفہ لو، مجھے احساس ہوا کہ میں اپنے ساتھ غلط بیانی کر رہا ہوں۔
ویرات کوہلی نے کہا میرا دماغ مجھے بتا رہا تھا کہ مجھے بریک لے کر کھیل سے دستبردار ہونا ہے، میں ذہنی طور پر مضبوط لگتا ہوں اور مضبوط ہوں بھی لیکن اس کی ایک حد ہوتی ہے، آپ کو اس حد کو پہچاننا ہوتا ہے ورنہ یہ آپ کے لیے مضرِ صحت ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا مجھے حالیہ دنوں نے بہت کچھ سکھایا ہے، مجھے یہ بتانے میں شرمندگی محسوس نہیں ہو رہی کہ میں ذہنی طور پر ڈاؤن ہوا۔
ویرات کوہلی نے کہا یہ ایک عام سی بات ہے لیکن ہم اس کے بارے میں نہیں بولتے کیونکہ ہم ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں، ہم ایسا نظر نہیں آنا چاہتے کہ ہم دماغی طور پر ڈاؤن ہیں، یقین کریں اپنی مضبوطی کے بارے میں غلط بیانی کرنا کمزوری تسلیم کرنے سے زیادہ بری چیز ہے۔
بھارتی کپتان نے کہا آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے مجھے دورہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے میں شامل نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے لیے ویرات کوہلی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کل بروز اتوار 28 اگست کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔