ڈیلی دھرتی (بزنس ڈیسک) عید الفطر گذرتے ہی اشیائے خوردونوش میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں مرغی، پیاز، اور لیموں سمیت کئی دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
مرغی کے گوشت کی قیمت 620 سے 670 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جو کہ رمضان کے آخری ہفتے میں 600 سے 640 تک فروخت ہو رہی تھی، اسی طرح زندہ مرغی کی قیمت 400 سے 430 فی کلو تک بڑھا دی گئی ہے جو عید سے پہلے 370 تک تھی۔
خبر کے مطابق بون لیس گوشت 800 روپے فی کلو کے مقابلے میں اب 900 سے 920 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ یہ قیمت بیف کے برابر ہے۔ جبکہ بعض علاقوں میں یہ 900 سے 1000 فی کلو تک فروخت ہورہا ہے، دوسری جانب ہڈیوں کے ساتھ گوشت 800 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
پولٹری کی بات کی جائے تو عید سے پہلے مرغی کی قیمت 400 روپے کلو تھی۔ عید گذرتے ہی مرغی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس وقت مرغی کا گوشت 600 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
گوشت کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزمرہ استعمال کی اشیاء مثلاً پیاز اور لیموں کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔ کراچی میں لیموں 1200 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ جبکہ پیاز کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔