ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف پی سی بی ہیڈکواٹرز آئے جہاں پی سی بی کے اعلی عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا. ذکاء اشرف کے چارج سنبھالنے کی کاغذی کارروائی مکمل کرلی گئی۔ چارج سنبھالنے کے بعد ذکاء اشرف پی سی بی ملازمین کے ساتھ گھل مل گئے۔
پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا، نو منتخب چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں پی سی بی کی آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی تھی، ذکاء اشرف کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے مینجمنٹ کمیٹی بنانے کی منظوری دی تھی۔
حکومت نے پی سی بی کے چیف الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کو عہدے سے ہٹا دیا اور محمود اقبال خاکوانی کو پی سی بی کا نئے چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے مینجمنٹ کمیٹی 4 ماہ کےلیے بنائی گئی ہے، مینجمنٹ کمیٹی کرکٹ بورڈ کے آئی سی سی سمیت دیگر امور کو دیکھے گی۔ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی 10 رکنی بنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری ذکاء اشرف اس سے قبل بھی پی سی بی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔
I have Officially Joined PCB as Chairman. Alhamdulillah, You will have Positives Changes in the PCB Upcoming Days In Sha Allah✌️💯. #ZakaAshraf pic.twitter.com/h6rRGkjlKm
— Chaudhry Zaka Ashraf (@IZakaAshraf) July 5, 2023
ذکاء اشرف کو چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر برقرار رہنے کے لیے عدالتی جنگ کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔ مئی 2013 میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ذکاء اشرف کو چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے معطل کر دیا تھا جس کے بعد نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا عبوری چیئرمین مقرر کیا گیا تھا لیکن اسی سال اکتوبر میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے نجم سیٹھی کو کام کرنے سے روک دیا تھا۔
جنوری 2014 میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ذکاء اشرف کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا لیکن فروری میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے ذکاء اشرف کو ان کے عہدے سے ہٹا کر پاکستان کرکٹ بورڈ کی باگ ڈور 11 رکنی کمیٹی کے سپرد کر دی جس کے سربراہ نجم سیٹھی تھے۔
مئی 2014 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذکاء اشرف کو ایک بار پھر بحال کر دیا لیکن سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے نجم سیٹھی کی بحالی کا حکم سنا دیا۔
اب ایک بار پھر ذکاء اشرف پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں جبکہ انہوں نے نجم سیٹھی کی جگہ لی ہے۔