ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نےسری لنکا میں ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ میں جوئے کی کمپنیوں کی تشہیر کرنے سے صاف انکارکردیا ہے۔
دنیا بھر میں ہونے والی لیگزمیں جوئے کی کئی کمپنیز اسپانسر کے طور پر اپنے نام میں معمولی تبدیلی کر کے کھلاڑیوں کی شرٹس پر لوگو لگاکر تشہیر کرتی ہیں، لنکا لیگ میں کولمبو اسٹرائیکرز کا بھی ایسی ہی ایک کمپنی سے معاہدہ ہےجس کے کپتان بابراعظم ہیں،ان کی جانب سے کمپنی کا لوگو شرٹ پر لگانے سے واضح الفاظ میں انکار کر دیا گیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ اسٹار بیٹسمین کی جانب سے لوگو نہ لگانے کی شرط کو اپنے معاہدے کا بھی حصہ بنایا ہے، فرنچائز کی جانب سے بھی بابراعظم کے فیصلے کا احترام کیا گیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 8 کے دوران محمد رضوان نےاپنی شرٹ پر سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ کمپنی کا لوگو لگانے سے صاف انکار کر دیا تھا۔انھوں نے اسٹیکر کی مدد سے لوگو چھپا کر میچ میں حصہ لیا،ٹیم کے کئی دیگر کھلاڑیوں نےاعتراض اٹھایا لیکن انھیں فرنچائزز نے منا لیا تھا۔
بابر اور رضوان حال ہی میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آئے ہیں،کپتان اور نائب کپتان کراچی میں منعقد شیڈول کیمپ کوجوائن کریں گے۔
لنکا پریمیئر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 30 جولائی سے 22 اگست تک منعقد ہوگا، کولمبو اسٹرائیکرز نے بابر اعظم کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے، پاکستانی کپتان فرنچائز کی بھی قیادت کریں گے۔