ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سمندر میں تباہ ہونے والی آبدوز ٹائٹن کے مسافر آخری لمحات میں اندھیرے میں موسیقی سنتے رہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹائٹینک جہاز کی سیاحت پر جانے سے ایک روز پہلے مسافروں کو ہلکی پھلکی غذا کھانے اور کافی نہ پینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق مسافروں کو یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ بلوٹوتھ اسپیکر پر سننے کے لیے سیل فون میں گانے لوڈ کرلیں، سردی اور نمی سے بچاؤ کے لیے گرم ٹوپی اور موٹی جرابیں پہننے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق، مسافروں سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ اپنے فون پر اپنی پسندیدہ موسیقی ڈاؤن لوڈ کریں جسے وہ دوران سفر بلوٹوتھ اسپیکر کے ذریعے سن سکیں۔
کرسٹین داؤد، شہزادہ داؤد کی اہلیہ اور آبدوز پر سوار سلیمان کی والدہ نے اس سفر کی لیے کی جانے والی تیاریوں سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اوشین گیٹ فلائٹ سوٹ، واٹر پروف ٹراؤزر، نارنجی رنگ کی واٹر پروف جیکٹ، اسٹیل کے جوتے، لائف جیکٹس اور ہیلمٹ بھی دیے گئے ۔
اوشین جیٹ ایکسپیڈیشنز کے بانی اور سی ای او اسٹاکٹن رش نے انہیں مطلع کیا تھا کہ لینڈنگ بالکل تاریکی میں ہوگی کیونکہ جب وہ سمندر کی تہہ تک پہنچیں گے تو بیٹری کی طاقت بچانے کے لیے ہیڈلائٹس بند ہوں گی۔
تاہم، انہیں بتایا گیا کہ وہ مکمل تاریکی سے پہلے سمندری بایولومینسینٹ مخلوقات کو دیکھ پائیں گے۔
“میرے شوہر پرجوش تھے۔”
کرسٹین داؤد نے کہا کہ ان کے شوہر بہت متجسس شخصیت تھے اور وہ اس تفریحی سفر کے لیے “چھوٹے بچے کی طرح” پر جوش تھے۔
دوسری جانب شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سال کے بیٹے سلیمان کی سفر پر روانگی سے قبل تصویر بھی جاری کردی گئی، باپ بیٹا واٹر پروف لائف جیکٹ پہنے ہوئے ہیں۔