ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چکوال میں بھون روڈ پر واقع مسجد میں گیس لیکج سے دھماکہ ہوا
ریسکیو 1122 ترجمان نعمان اختر کے مطابق مہاجرین سادات عمر فاروق مسجد کے اوپر رہائش کے لیے بنائے گئے کمرے میں گیس لیک ہونے پر دھماکہ سے کمرے کی چھت گرنے کی اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول نے سینٹرل اسٹیشن چکوال سے ایمبولنس سمیت دو فائر وہیکل روانہ کیں
ریسکیو اسٹیشن کوارڈینیٹر مصدق حبیب نے بتایا کمرے میں گیس کی لیکج کی وجہ سے دھماکے ہونے پر کمرے کی چھت گر گئی جبکہ حادثہ میں دو افراد زخمی ہوئے جن میں 33 سالہ عثمان ولد عبدالجبار کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کر دیا جبکہ22 سالہ حنظلہ ولد عبدالجبار کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لگنے والی آگ پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے فورا قابو پا کر کوئی بھی مزید نقصان ہونے سے بچا لیا گیا جبکہ انسیڈنٹ کمانڈر ڈاکٹر عتیق احمد خان موقع پر موجود رہے
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال کیپٹن (ر) واحد محمود مسجد دیوانِ عمر فاروق بھون روڈ چکوال میں گیس پائپ پھٹنے اور آگ لگنے کی اطلاعات پر خود موقع پر پہنچ گئے
اس موقع پر ڈی ایس پی صدر سرکل، ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ او سٹی چکوال، ایس ایچ او صدر چکوال اور پولیس فورس کے دیگر افسران و ملازمین بھی موجود تھے جو امدادی کارروائیوں میں مصروف تھے
ڈی پی او چکوال نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ڈی ایس پی صدر سرکل کو خصوصی ہدایات جاری کیں اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ملازمین کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
ڈی پی او چکوال کے احکامات پر ایس ایچ او تھانہ صدر چکوال کی زیر نگرانی واقعہ کی جانچ پڑتال کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
پی ایف ایس اے کی ٹیم اور کرائم سین یونٹ کو بھی شواہد اکٹھے کرنے کے لیے بلا لیا گیا
ڈی پی او چکوال نے واقعہ کے دوران امام مسجد کے بیٹے کی وفات پر ورثاء سے دکھ اور اظہارِ ہمدردی بھی کیا