ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پنجاب ، خیبر پختونحوا ، مشرقی بلوچستان اورکشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔تاہم بالائی پنجاب ، خیبر پختونحوا ، مشرقی بلوچستان ،کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔اسلام آباد میں موسم خشک اورگرم جبکہ بعد از دوپہر گر د آلود ہوائیں اورآندھی چلنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم ابیٹ آباد، مانسہرہ ، کرم اورکو ہستان میں تیز ہواؤ ں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اورگرم جبکہ بعد از دوپہر گر د آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔تاہم مری،گلیات سمیت خطۂ پوٹھوہار، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور،میانوالی،سرگودھا ،لیہ اوربھکرمیں تیز ہواؤ ں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کےبیشتراضلاع میں موسم خشک اورگرم رہے گا تاہم بارکھان ،قلات،لسبیلہ، آواران، خضداراور اس کےگردونواح میں چند مقا مات پر آ ندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید گرم رہے گا تاہم جیکب آباد،دادو، لاڑکانہ ، اورگردونواح میں آ ندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلودرہنے کی امید ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا ۔ آج ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق جیکب آباد ،سبی46، دالبندین ،موہنجو داڑو، دادو میں 45ڈگر ی سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔