ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے کے خلاف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ اگلے علاقوں کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
بیان کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف کو ایل او سی کی صورتحال اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور فوجیوں سے ملاقات کی۔
سپہ سالار نے مسلسل چوکسی، قابل ذکر آپریشنل تیاریوں، بلند حوصلے کو برقرار رکھنے پر افسران، جوانوں کو سراہا۔
اس دوران انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی آبادی کو ہر ممکن فراہم کریں۔ ثابت قدم رہیں اور انتہائی خلوص اور لگن کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کریں۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے کے خلاف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
سپہ سالار نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے منصفانہ کاز کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔