ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق آئی فون 15 میں صارفین کے مطالبے پر بڑی تبدیلی کی توقع ہے، ایسی تبدیلی جس سے صارفین کی ایک بڑی پریشانی حل ہو جائے گی، اور جس کے لیے یورپی یونین نے قانون سازی بھی کر لی ہے
آئی فون 15 کے کل 4 ماڈلز اِسی سائز میں ہوں گے، جیسا کہ آئی فون 14 کے ماڈل ہیں، جن میں دو 6.1 انچ کے آئی فونز اور دو 6.7 انچ کے آئی فون شامل ہیں
6.1 انچ کے آئی فونز میں ایک اسٹینڈرڈ سائز کا آئی فون 15 ہوگا، جب کہ 6.7 انچ ماڈلز میں ایک آئی فون 15 پلس ہوگا، جب کہ دیگر 6.1 اور 6.7 انچ کے آئی فونز اعلیٰ درجے کے اور زیادہ مہنگے ’پرو‘ ماڈل ہوں گے۔
اب تک کی لیک ہونے والی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ آئی فون 15 کے تمام ماڈلز پر لائٹننگ پورٹ کی بجائے USB-C پورٹ کی توقع کی جا سکتی ہے، یعنی آئی فون 15 سیریز یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ سے لیس ہوگی۔
خیال رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے اکتوبر 2022 میں ایک قانون کی منظوری دی گئی تھی جس کے تحت یورپ میں تمام موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے ایک ہی چارجنگ پورٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا۔
بعد ازاں دسمبر کے آغاز میں یورپی یونین نے اعلان کیا تھا کہ اس تبدیلی کو اپنانے کے لیے 28 دسمبر 2024 تک مہلت دی گئی ہے، اس حوالے سے اکتوبر 2022 میں ایپل کے عہدیداران نے تصدیق کی تھی کہ کمپنی کی جانب سے یورپی قوانین پر عمل کیا جائے گا اور نئے فونز میں یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کا استعمال ہوگا۔
واضح رہے کہ اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے جب کہ اینڈرائیڈ کے لیے اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔