ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ملت پارک میں گزشتہ روز قتل ہونے والے سابق ایس پی فرحت عباس شاہ کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق قتل میں ملوث 2 خواتین سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فرحت عباس شاہ کے قتل میں ان کی بھابھی ملوث ہیں، جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول فرحت عباس بیوہ بھابھی کو ذاتی گارڈ رکھنے سے منع کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور : پولیس کے سابق ایس پی چوہدری فرحت عباس گھر کی دہلیز پر قتل
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے ملت پارک میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے سابق ایس پی فرحت عباس کو دن دیہاڑے ان کے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق سابق ایس پی (ر) پولیس چوہنگ ٹریننگ سنٹر چوہدری فرحت عباس کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئے ۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں موٹر سائیکل سوار شوٹر کو ہیلمٹ پہنے آتے دیکھا جا سکتا ہے ۔
فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ملزم نے اپنی بائیک کھڑی کر کے گھر سے نکل کر گاڑی میں بیٹھتے ہوئے سابق پولیس افسر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔