ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس میں عدم حاضری پرناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 18 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سول جج ملک امان نے خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت کی ،عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی ، پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی سول جج ملک امان کی عدالت میں پیش ہوئے ۔
پراسیکیوٹر نےعمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی دائر درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان غیرحاضرہیں، قابل ضمانت کو ناقابلِ ضمانت میں تبدیل کیاجائے،وزیرآباد کا بہانا سن سن کر کان پک گئے ہیں،دو دن پہلے وزیرآباد نہیں تھا ،جب ہائیکورٹ پیش ہوئے،ہر تاریخ پر عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکی گئی،گزشتہ سماعت پرجج نے کہا بہت باراستثنی دیاجاچکا جس کے بعد ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
پراسیکیوٹر نےاعتراض میں کہا کہ عمران خان کی طبی رپورٹ پیش نہیں کی گئی، اور حاضر نہ ہونے سے متعلق ٹھوس وجوہات بھی نہیں بتائے گئے، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ان کے دستخط ہی نہیں ،صرف ان کے وکلاء کے دستخط ہیں، عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست خارج کی جائے۔
دورانِ سماعت عمران خان کے وکلا نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ بحال رکھنے کی استدعا کی اورکہا کہ عمران خان کو سکیورٹی خدشات ہیں،جان کوخطرہ ہے، ان سے سکیورٹی واپس لینے پراسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی نوٹس جاری کیے