لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دینے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔
پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق فیصلہ جسٹس جواد حسن نے لکھوایا، تحریری فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر بھی جاری کیا جائے گا۔
لاہور ہائیکورٹ کا اپنے مختصر فیصلے میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن 90 روز کے اندر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کروائے۔ مکمل فیصلہ کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے جنوری میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کردی تھیں، دونوں صوبوں میں نگراں حکومتیں قائم ہوچکی ہیں تاہم اب تک الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے تاریخ نہیں دی۔
دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ایک خط لکھا تھا۔