ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینیر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف وطن واپسی کیلئے آج بروز جمعرات 26 جنوری کو لندن سے روانہ ہوں گی، وہ لندن سے دبئی پہنچیں گی، جہاں وہ ایک روز قیام کے بعد ہفتے کی شام لاہور کیلئے روانہ ہونگی۔
مسلم لیگ ن کی سینیرنائب صدر مریم نواز اب چیف آرگنائزر کی حیثیت سے انتخابی مہم میں پیش پیش رہنے کے ساتھ پارٹی کو بھی منظم کریں گی۔
مریم نواز کی وطن واپسی کیلئے ن لیگ نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، ہر ایم پی اے اور ایم این اے ایک ہزار کارکنان کو لے کر ائیر پورٹ پہنچے گا۔
مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر شہر کو استقبالیہ بینرز اور پوسٹرز سے سجانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وطن واپسی پر مریم نواز لاہور ایئرپورٹ پر کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کریں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دو بار مریم نواز کی پاکستان واپسی کا شیڈول تبدیل کیا گیا۔
قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ مریم نواز شریف 22 جنوری کو پاکستان پہنچیں گی اور نچلی سطح تک پارٹی کو متحرک کرنے کے لئے ذمہ داران کو ٹاسک تفویض کریں گی۔