ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ محسن نقوی کی نگراں وزیر اعلیٰ تقرری نے الیکشن کمیشن کے جانبدار ہونے کاثبوت دیا۔
اپنے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کی بنیاد اخلاقیات پر رکھی جاتی ہے، جمہوریت ڈنڈے سے نہیں اخلاقیات سے چلتی ہے، ترقی یافتہ ممالک میں حکمران چھوٹی غلطی پر بھی استعفی ٰدے دیتے ہیں، بورس جونسن نے کورونا کے دوران پارٹی کرنے پر استعفٰی دے دیا۔
عمران خان نے کہا کہ نگران مقرر کرنے کا مقصد نیوٹرل امپائر کھڑا کرنا ہوتا ہے، نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ صاف و شفاف الیکشن کرانےآتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کے دیئے گئے نام پر متفق ہوئے، اعظم خان ایک ایماندار اور باصلاحیت انسان ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے جو نام دیئے وہ ایماندار لوگ تھے، ہم نے ناصر کھوسہ کا نام دیاجو شہبازشریف دور میں چیف سیکریٹری رہے۔ محسن نقوی کی تعیناتی نے الیکشن کمیشن کے جانبدار ہونے کا ثبوت دیا۔
الیکشن کمیشن پر الزام لگاتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہر طرح سے پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ دے رہا ہے، الیکشن کمیشن نے تمام نام مسترد کرکے محسن نقوی کانام نگران وزیراعلیٰ کیلئے دیا، سب جانتے ہیں کہ محسن نقوی پی ٹی آئی کادشمن ہے، آصف زرداری نے کہا کہ محسن نقوی میرا بیٹا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ محسن نقوی کی تقرری کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے میرے نام پر کاٹے کا نشان لگایا ہوا ہے، سیاستدانوں پر کاٹا لگانے کا نقصان پورے ملک کو ہوتا ہے، ذوالفقار علی بھٹو پر کاٹا لگایا گیا، کراچی میں ایم کیو ایم بنائی گئی، ایم کیو ایم پر کاٹا لگا یا گیا تو حقیقی بن گئی، اب عمران خان پر کاٹا لگانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں پتہ ہے صاف و شفاف الیکشن میں عمران خان کو نہیں ہرا سکتے، ان کی کوشش ہوگی کہ کسی بھی طرح عمران خان کو ہرایا جائے، محسن نقوی ہمارے مخالف پولیس افسران اور بیوروکریٹس کو لے کرآئے گا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی نے خود اپنی 2حکومتیں گرائی ہوں، ہمارا اپنی حکومتیں گرانے کامقصد الیکشن کی طرف جانا ہے،مجھے خدشہ اور خوف ہے کہ پاکستان سری لنکا نہ بن جائے۔
محسن نقوی کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ تقرری پر عمران خان نے ملک گیر احتججا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کےخلاف عدالت میں جارہے ہیں، کل (منگل) لاہور جب کہ بدج کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے