ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملے کا مقدمہ تھانہ سٹی وزیرآباد میں درج کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ موقع سے گرفتار ملزم نوید کو باقاعدہ نامزد کیا گیا ہے۔
قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا جسے کل سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے بعد منظر عام پر لایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملزم نوید اس وقت سی ٹی ڈی کی حراست میں لاہور کے ایک سیل میں موجود ہے۔ مقدمے کے اندراج کے بعد کل مرکزی ملزم نوید کی باقاعدہ گرفتاری ڈال دی جائے گی۔
خیال رہے کہ عمران خان پر فائرنگ کا واقعہ جمعرات کو مارچ کے دوران پیش آیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ سپریم کورٹ کے حکم پر 4 روز بعد درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی حکومتی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے حکم دیا ہے کہ عمران خان پر فائرنگ کا مقدمہ 24 گھنٹوں کے اندر درج کیا جائے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ جمعرات کو تکلیف دہ مسئلہ ہوا، مزید وقت دینے کی استدعا درست لگی ہے، آپ کو مزید وقت درکار ہے تو عدالت دے سکتی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان پر فائرنگ کے بعد 90 گھنٹے گزر چکے ہیں لیکن مقدمہ درج نہں ہوا، ایف آئی آر کے بغیر تفتیش کیسے ہوگی، ایف آئی آر کے بغیر تو شواہد تبدیل ہوسکتے ہیں۔