ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم اپنی مرضی سے اپنی منزل پر پہنچیں گے، بار بار تاریخیں دیں گے اور بدلیں گے، انہیں تھکا تھکا کر ماریں گے۔
گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا پاکستان میں ہونے والے مظاہروں سے زیادہ بڑے مظاہرے لندن میں ہو رہے ہیں، یہ تحریک احتساب اور ملک کا نظام درست کرنے کی تحریک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں عمران خان کے خلاف بینرز لگوانے پر خرم دستگیر کو گرفتار کیا جائے، اسپیکر قومی اسمبلی، ہماری تمام نشستوں پر استعفے قبول کریں اور الیکشن کروائیں، اگلی 120 نشستوں پر بھی امیدوار عمران خان ہوں گے، مریم نواز پر اب پابندی نہیں وہ الیکشن لڑلیں ان کو اپنی مقبولیت کا پتا چل جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا پولیس اہلکارہی ہماری حقیقی آزادی کا ہراول دستہ ہے، ہم کس دن اسلام آباد پہنچیں گے یہ فیصلہ ہم نے کرنا ہے، ہم تاریخ دیں گے اور تاریخ بدلیں گے، ہم انہیں تھکا تھکا کر ماریں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا شریف فیملی اپنے پیسے ٹھکانے لگانے کی کوششوں میں مصروف ہے جبکہ رانا ثنا اور مریم اورنگزیب کو مارچ کے آہستہ ہونے پر تکلیف ہے لیکن ہم اپنی منزل پر اپنی مرضی سے چلیں گے آپ کی مرضی سے نہیں، ہم اسلام آباد پہنچنے کی تاریخ بدلتے رہیں گے آپ کو تھکادیں گے۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا 37 حلقوں پر الیکشن ہوئے ہیں ان میں سے 29 پر پی ٹی آئی کی جیت ہوئی، شہباز شریف اور فضل الرحمان سمیت جس کو شوق ہے الیکشن لڑے مقبولیت کا پتاچل جائے گا۔