اسلام آباد میں دو افراد نے پزا ڈیلیور کرنے والے لڑکے کو اغواء کر کے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس کی موٹر سائیکل و نقدی لوٹ لی۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ اسلام آباد کے کورال تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ متاثرہ لڑکا اڑھائی سال سے پزا آؤٹ لیٹ سے منسلک تھا۔ رپورٹ کے مطابق لڑکا پزا ڈیلیور کرنے کرم آباد علاقے میں گیا اور متعلقہ گھر تلاش کر رہا تھا کہ تقریباً پونے بارہ بجے اسے دو افراد نے روک لیا اور پوچھا کہ اس علاقے میں کیوں آئے ہو۔ یہاں آنا منع ہے۔
پولیس کے مطابق اغواء کنندگان کا تعلق مقامی پراپرٹی گروپ سے ہے۔ دونوں افراد نے پزا ڈیلیور کرنے والے لڑکے کو زدوکوب کیا اور اپنے ڈیرے پر لے گئے جہاں اسے باری باری جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے جنسی زیادتی کے بعد لڑکے کو کمرے میں بند کر دیا اور کہا کہ اگر پولیس کو بتایا تو اس کی ویڈیو وائرل کر دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق پزا آرڈر کرنے والی خاتون نے دیر ہو جانے پر لڑکے کو کال کی تو اغوا کنندگان نے فون ریسیو کر کے خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی اور گالیاں نکالیں۔ جس کی شکایت کرنے کے لیے خاتون نے پزا آؤٹ لیٹ کے مینجر کو کال کی تو تمام معاملہ کمپنی کے علم میں آیا۔
کمپنی مینجر کا کہنا ہے کہ تصدیق کے لیے انہوں نے لڑکے کے نمبر پر کال کی تو دونوں ملزمان نے اپنی شناخت بھی ظاہر کی اور کہا کہ پزا ڈیلیور کرنے والا لڑکا ان کی قید میں ہے۔ اور ان کا ڈیرہ شاہد کھوکھر کا ڈیرہ ہے۔ جس نے چھڑانا ہے، ہمت ہے تو چھڑا کر لے جائے۔ مینجر نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ جس کے پولیس اسٹیشن کورال کی ٹیم نے شاہد کھوکھر کے ڈیرے پر چھاپہ مارا تاہم دونوں لڑکے وہاں سے فرار ہو چکے تھے۔ جبکہ پزا ڈیلیوری بوائے ایک کمرے میں ٹراما حالت میں ملا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے