پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ کو روکنے کے لیے حکومت نے ملک بھر کی مختلف اہم شاہراہیں بند کر دیں۔ ملک بھر کی اہم شاہراہوں کی تازہ ترین صورتحال کچھ یوں ہے۔
شہر اقتدار کی ریڈ زون سیکورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف داخلی و خارجی راستے بند کیے جا رہے ہیں۔ جناح ایونیو چائنا چوک کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب جی ٹین سے اسلام آباد آنے والے راستے کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کے دارلخلافہ لاہور سے لانگ مارچ میں شریک ہونے والوں کو روکنے کے لیے شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کیا جا رہا ہے۔ شاہدرہ موڑ سے بتی چوک کے راستے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ کی جانب سے شہر کو داخل ہونے والے راستے پر ٹریفک روک دی گئی ہے۔
کراچی میں مزار قائد کو جانے والے راستے کو بند کر دیا گیا ہے۔ جبکہ پیپلز چورنگی سے پارکنگ پلازہ کی جانب جانے والی سڑک کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ملک کے تیسرے بڑے اور صنعتی شہر کے اطراف سے جانے والی موٹروے ایم تھری اور ایم فور ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ جڑانوالہ اور سمندری انٹرچینج پر کنٹینر رکھ دیے گئے ہیں۔ جبکہ شہر کے دس سے زائد داخلی و خارجی مقامات پر سیکورٹی شدید سخت کر دی گئی ہے۔
مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔