آسٹریلیوی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے معروف کرکٹر اینڈریو سائمنڈ کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
اینڈریو سائمنڈ بطور آل راؤنڈر آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے تھے۔ اور دو بار ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ رہ چکے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اینڈریو سائمنڈ کی عمر 42 سال تھی۔ انہوں نے اپنے گیارہ سالہ کیریئر میں آسٹریلیا کی جانب سے 26 ٹیسٹ میچز سمیت کل دو سو اڑتیس میچز کھیلے۔ جبکہ سال 2003 اور 2007 کے ورلڈ کپ جیتنے والی فاتح آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بھی رہے۔
اینڈریو سائمنڈ گذشتہ رات “ہروے رینج” علاقے میں گاڑی چلا رہے تھے کہ گاڑی مبینہ طور پر بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ جس سے انہیں شدید چوٹیں آئیں اور وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی چل بسے۔
کوئنز لینڈ پولیس کی جانب سے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اینڈریو سائمنڈ کی ناگہانی موت پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے کرکٹرز نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی رمیض راجہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اینڈریو کی وفات پر بہت دکھ ہے وہ ایک حقیقی آزاد شخص اور غیرمعمولی صلاحیتوں کے مالک تھے۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اینڈریو سائمنڈ کے ساتھ میدان کے اندر اور باہر مثالی تعلقات تھے۔ اہل خانہ کے لیے دعا گو ہوں۔
واضح رہے کہ دو ماہ میں یہ آسٹریلیا کے دوسرے لیجنڈری کرکٹر کی وفات ہے۔ اس سے پہلے مارچ میں شین وارن بھی 52 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔